بھوپال نگر نگم کونسل کی میٹنگ میں بھاجپا کونسلر نے ہی اٹھایا بدعنوانی کا مدعا

0
17

بھوپال، 20جولائی (رپورٹر) بھوپال میونسپل کارپوریشن کونسل کی جمعرات کو تقریباً سات گھنٹے چلی میٹنگ کافی ہنگامہ خیز رہی۔کارپوریشن پر این جی ٹی کے عائد جرمانہ ۔اور سیویج سمیت کئی مسائل کو لیکر پہلے کانگریس کونسلروں نے ہنگامہ کیا اور صاحب صدر کشن سور یہ ونشی کی کرسی کو گھیر لیا۔ سبھی مدوں پر کانگریس نے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔اسکے بعد عوامی اہمیت کے سوال پر جواب نہ دینے پر ہنگامہ ہوا۔حزب مخالف میئر مالتی رائے سے جواب چاہتا تھا لیکن وہ ایم آئی سی ممبر سے جواب دلوانا چاہتی تھیں۔
اس پر صدر بھی ناراض ہو گئے اور کارروائی ملتوی کر باہر چلے گئے۔جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو بھاجپا کونسلر دیویندر بھارگو ترقیاتی امور میں گڑبڑی کو لیکر ناراض ہو گئے اور کچھ دیر بعد ایوان چھوڑ کر چلے گئے۔ اس پورے معاملے کی شکایت بھاجپا اعلیٰ کمان تک بھی پہنچی ہے اور جلد ہی میئر اور کارپوریٹروں کو طلب کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیم نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
اس سے پہلے صبح ساڑھے گیارہ بجے میٹنگ شروع ہوئی جو بیس منٹ بعد نصف گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔در اصل لیڈر حزب مخالف شبستان زکی کے عوامی اہمیت کے سوال پر صدر سوریہ ونشی نے میئر مالتی رائے کو جواب دینے کو کہا۔اس پر میئر نے ایم آئی سی ممبر منوج راٹھور کو جواب دینے کے لئے مجاز کرنے کی بات کہی اس پر صدر نے اعتراض کیا اور کہا کہ عوامی اہمیت کے سوال کا جواب میئر کو ہی دینا چاہیے۔لیڈر حزب مخالف زکی نے بھی میئر سے ہی جواب دینے کی بات کہی ۔اسکے بعد محترمہ زکی نے سوال کیے۔سوال کے بعد میئر ایم آئی سی ممبر سے جواب دینے پر بضد رہیں تو صدر سوریہ ونشی نے میئر سے ہی جواب دینے کی بات کہی ۔اس پرصدر نے میٹنگ کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی اور باہر چلے گئے۔صدر نے میئر کو جواب دینے کے لیے 30منٹ کا وقت بھی دیا حالانکہ میٹنگ پھر دیر سے شروع ہوئی۔صدر نے فریقین کی رضامندی کے بعد کہا میئر تحریری جواب دیں گی ۔صدر نے یہ بھی کہا کہ آئندہ عوامی اہمیت کے سوالوں کا جواب میئر ہی دیں گی۔
در اصل نگم کے منصوبہ سیل میں موت پر دی جانے والی امدادی رقم میں دو کروڑ کا گھپلہ سامنے آیا تھا اس معاملے میں محکمہ کے سبھی سات کمپیوٹر آپریٹرز کو ہٹا دیا گیا ہے اور سابق چھ زونل افسروں کو نوٹس دیا گیا ہے اب تک چھ زون کی 133فائلز پکڑ میں آئی ہیں جن میں غلط طریقے سے ادائیگی کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ دیگر فائلز کی جانچ چل رہی ہے۔معاملے کو لیڈر حزب مخالف نے اٹھایا تھا اسکے بعد ہی ذمے داروں میں ناراضگی سامنے آئی۔صدر بھی اس معاملے سے نا خوش نظر آئے۔
قبل ازیں میٹنگ کے دوران میئر مالتی رائے اور صدر کے درمیان ناچاقی واضح نظر آئی۔وہیں بھاجپا کارپوریٹر بھارگو نے بد عنوانی کا مدّعا اٹھا دیا وہ ایوان چھوڑ کر جانے لگے تبھی ایم آئی سی ممبر جگدیش یادو اور دیگر نے انہیں روک کر واپس کرسی پر بیٹھا دیا۔بھارگو کا کہنا تھا میں کونسلر ترقیاتی کام کرانے کیلئے بنا ہوں لیکن افسر گڑبڑی کر رہے ہیں اُن پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ۔کانگریس کونسلر بھی بھارگوّ کے ساتھ آگئے ۔بھارگو کی ناراضگی کے بعد صدر نے جانچ کمیٹی بھی بنا دی۔اس اثناء بھارگو ایوان چھوڑ کر چلے گئے۔اسکے بعد کانگریس کونسلروں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔اور لیڈر حزب مخالف سمیت کئی کونسلروں نے میئر سے استعفے کا مطالبہ کر ڈالا۔ انہوں نے صدر سے کہا آپ منصف کی کرسی پر بیٹھے ہیں آپ کو انصاف کرنا ہوگا۔