رانچی 31مئی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد اور حملوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مغربی بنگال میں رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پر ہوا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جمہوریت میں نظریاتی اختلافات فطری ہیں، لیکن سیاسی اختلاف رائے کا جواب تشدد یا طاقت کے استعمال سے نہیں دیا جا سکتا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی مخالفت کا سامنا دلیل، بات چیت اور رائے عامہ کے ذریعہ کیا جانا چاہیے، نہ کہ خوف اور ڈر کے ذریعہ۔ ایسے واقعات جمہوری اقدار کو کمزور کرتے ہیں اور ان کے لیے کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔‘‘ ہیمنت سورین نے واقعہ میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ ’’جمہوریت کو تشدد نہیں بلکہ بات چیت، رواداری اور باہمی احترام مضبوط بناتے ہیں۔‘‘ سورین کے علاوہ جھارکھنڈ کے وزیر صحت اور کانگریس کے سینئر لیڈر عرفان انصاری کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو رکن پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں سنگین لاپرواہی قرار دیتے ہوئے سیاسی طور پر محرک قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر ممتا بنرجی چاہیں تو حملے میں زخمی ابھیشیک بنرجی کا ان کی حکومت جھارکھنڈ کے اسپتال میں محفوظ طریقے سے علاج کرائے گی۔









