نئی دہلی22مئی: فلم اور ٹی وی کی دنیا کے مشہور اداکار آدتیہ سنگھ راجپوت کی موت ہوگئی ہے۔ وہ ممبئی کے اندھیری میں واقع اپنے گھر کے باتھ روم میں پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔ انہوں نے ‘کرانتی ویر اور ‘میں نے گاندھی کو نہیں مارا جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا تھا۔ آدتیہ کو سب سے پہلے ان کے دوستوں اور چوکیدار نے مشتبہ حالت میں دیکھا اور انہیں فوراً اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔ وہ اپنی بلڈنگ کی 11ویں منزل میں مقیم تھے ۔ خبروں کی مانیں تو منشیات کی زیادہ مقدار ان کی موت کی وجہ ہو سکتی ہے۔ آدتیہ کی عمر 32 سال تھی۔ وہ ٹی وی شو اسپلٹس ولا سے مقبول ہوئے تھے۔اداکار کی انسٹاگرام اسٹوری سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کل رات اپنے دوستوں کے ساتھ گھر میں موجود تھے۔ آدتیہ کے دوست سبیاساچی نے ای ٹائمز کو بتایا کہ ‘خبریں بتا رہی ہیں کہ ان کی موت ڈرگس اوورڈوز سے ہوئی۔ میں ان کا دوست رہا ہوں، لیکن جب سے میں اڈیشہ آیا ہوں ان کے ساتھ رابطے میں نہیں تھا۔ ہمیں ملے ہوئے تقریباً ڈیڑھ سال ہو ہوگئے ہیں ۔ تفتیش جاری ہے۔ ہوسکتا ہے کہ وہ باتھ روم کی دیوار سے ٹکرانے کے بعد گر گئے ہوں ۔ آدتیہ کے دوست سبیاساچی نے ان کے کیریئر کے بارے میں کہا کہ وہ اچھا کام کر رہے تھے، ان کے برانڈز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔