بھوپال، 23 اکتوبر: (پریس ریلیز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) کے کالج- آف ٹیچر ایجوکیش، بھوپال کے شعبۂ صحت و جسمانی تعلیم کے فیکلٹی ممبر اور بین الاقوامی ہاکی امپائر فہیم محمد خان کو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے لیے ٹیکنیکل آفیشل مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب ایشین ہاکی فیڈریشن (AHF) کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یہ باوقار بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر 2026 تک پنجاب کے جالندھر اور موہالی میں منعقد ہوگا۔اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان، ملیشیا، جاپان، چین، کوریا اور بنگلہ دیش کی قومی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایشیا کی سرکردہ ہاکی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ان مقابلوں میں فہیم محمد خان ٹیکنیکل آفیشل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔فہیم محمد خان انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کے بین الاقوامی پینل میں شامل ہیں اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر ہاکی مقابلوں میں خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ مختلف اہم ٹورنامنٹس میں ٹیکنیکل آفیشل اور جج کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ان کے بین الاقوامی تجربات میں اولمپک کوالیفائر، ایشین چیمپئنز ٹرافی (عمان)، ایشیا کپ (انڈونیشیا)، ایف آئی ایچ پرو لیگ، ساؤتھ ایشین گیمز، جونیئر ایشیا کپ (بنگلہ دیش)، سلطان اذلان شاہ کپ (ملیشیا)، ہندوستان-بیلاروس ہاکی ٹیسٹ سیریز اور ہندوستان-آسٹریلیا سب جونیئر ہاکی ٹیسٹ سیریز جیسے اہم مقابلے شامل ہیں۔اس کے علاوہ وہ ایشین اسکول ہاکی چیمپئن شپ میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ہاکی انڈیا کے ساتھ وابستہ ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ہاکی مقابلوں کے کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔فہیم محمد خان کی اس بین الاقوامی تقرری پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بھوپال کے کالج آف ٹیچر ایجوکیشن کے پرنسپل پروفیسر نوشاد حسین اور کالج کے اساتذہ و عملے نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔پرنسپل اور کالج کے اراکین نے فہیم محمد خان کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس نوعیت کی تقرری ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بھوپال بلکہ بھوپال اور مدھیہ پردیش کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔فہیم محمد خان کی یہ تقرری کھیلوں کے شعبے میں ان کے تجربے، محنت اور مسلسل خدمات کا اعتراف ہے۔ ان کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ طلبہ کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دے گی۔