بھوپال، 23 اکتوبر: سینئر شاعر، سینئر آئی اے ایس اور موجودہ چیئرمین ایم پی کمرشل ٹیکس اپیل بورڈ اشوک شاہ کے دو نوزائیدہ شعری مجموعوں ”سندھو گھاٹی سبھیتا کا ایک دن“ اور ”اسی موڑ پر“ کی رسمِ اجرا اور کتابوں پر تفصیلی تبادلہٴ خیال کے لیے کل 24 اکتوبر (بروز ہفتہ) شام 4.30 بجے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ خوشبو ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یہ ادبی نشست بنکوئٹ ہال، اریرا کلب روڈ نمبر 1، لنک روڈ بھوپال میں منعقد ہوگی، جس کی صدارت معروف سینئر شاعر و ادیب راجیش جوشی فرمائیں گے جبکہ محترمہ ارمیلا شریش اور مکیش ورما بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
اشوک شاہ کے ان شعری مجموعوں پر وقیع گفتگو اور تبصرے کے لیے رام پرکاش ترپاٹھی، اقبال مسعود، بلرام گماشتہ، محمود ملک، ڈاکٹر مہتاب عالم، ونئے اپادھیائے اور واجد خان کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ علیم بزمی شاعر اشوک شاہ کا تعارف پیش کریں گے اور نظامت کے فرائض معروف سینئر شاعر بدر واسطی انجام دیں گے۔ سوسائٹی کے صدر ساجد پریمی نے ریاست و شہر کے شعرا، ادبا، صحافیوں اور فوٹوگرافروں کو تقریب میں شرکت کی پُرتپاک دعوت دیتے ہوئے وقت پر تشریف لا کر پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔









