بھوپال:09؍ستمبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے میڈیکل کالج بھوپال میں انٹرنز، جوڈا اور ایم ٹی اے کے نمائندوں سے مختلف موضوعات پر بامعنی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بدقسمتی پر مبنی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی غیر جانب دارانہ جانچ کی ہدایت دی ہے۔ ابتدائی کارروائی کے تحت دو پولیس اہلکاروں کو لائن اٹیچ کیا گیا ہے۔ جانچ کے نتائج کی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل جی ایم سی بھوپال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ پْرامن طریقے سے اپنی بات رکھنے والے طلباء کے ساتھ اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے۔ میڈیکل کیمپس میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں، یہ یقینی بنایا جائے گا۔ پْرامن طریقے سے اپنی بات رکھنے والے طلباء و طالبات کے خلاف کسی بھی طرح کی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ زخمی طلباء کے مناسب علاج کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے گا۔
نائب وزیراعلیٰ شکل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے موجودہ اسٹائی پینڈ میں 50 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے اس مطالبے پر پہلے سے ہی گفتگو جاری تھی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو مسلسل بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے میڈیکل کالج کے احاطے میں کہا کہ مثبت گفتگو کا مثبت نتیجہ سامنے آیا ہے۔ نمائندہ وفد نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے نوجوان ڈاکٹروں سے دیہی علاقوں میں خدمت کے جذبے اور حساسیت کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خدمت سے ڈاکٹروں کو حقیقی حالات کو سمجھنے اور وسیع تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ریاستی حکومت ڈاکٹروں کو تیار کرنے میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور توقع ہے کہ ڈاکٹر اپنے بانڈ کی مدت کے دوران دیہی علاقوں میں پوری وابستگی کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔
ڈاکٹر معاشرے کے لیے اہم اثاثہ ہیں۔ مریضوں کے ساتھ حساس رویہ اور مسکرا کر بات کرنا بھی علاج کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے تمام نمائندوں کو مثبت حل کے لیے مبارکباد دی۔