سی بی ایس ای ٹاپرس کو بھی دیں گے لیپ ٹاپ۔شیوراج

0
29

بھوپال، 20جولائی (رپورٹر) آج دارالحکومت کے لال پریڈ گراؤنڈ میں باصلاحیت طلبہ کی حوصلھ افزائی کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔ دوپہر 12 بجے شروع ہونے والے اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے لیپ ٹاپ کے لیے ایک کلک کے ساتھ ہونہار طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں فی طالب علم 25 ہزار روپے کی رقم منتقل کی۔ وزیر اعلیٰ چوہان نے ٹیلنٹڈ اسٹوڈنٹ پروموشن اسکیم کے تحت لال پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ پروگرام میں ڈویژن کے ٹاپر طلبہ کو علامت کے طور پر چیک پیش کیا۔ اس دوران سی ایم شیوراج نے اعلان کیا کہ ایم پی بورڈ کے علاوہ اگلے سال سے سی بی ایس ای ٹاپرز کو بھی لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام ٹاپ کرنے والوں کو اسکوٹی دی جائے گی، تاکہ بچوں کی حوصلہ افزائی ہو۔
اس پروگرام میں، بورڈ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام سیشن 2022-23 کے لیے کلاس 12ویں کے بورڈ امتحان میں پہلی کوشش میں 75 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے۔ اس پروگرام میں اسکولی تعلیم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اندر سنگھ پرمار، قبائلی امور کی وزیر مینا سنگھ کے علاوہ اسکولی تعلیم اور قبائلی امور کے محکمے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
پروگرام کے دوران سی ایم شیوراج نے طلباء سے براہ راست بات چیت بھی کی۔ وزیر اعلیٰ شیوراج نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹوں اور بیٹیاں، جس طرح آپ کے والدین آپ کے روشن مستقبل کے لیے سوچتے ہیں، اسی طرح میں آپ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات سوچتا رہتا ہوں۔ ایک دور کانگریس کا تھا اور دوسرا آج کا دور ہے۔ اس وقت تین لاکھ بچوں کی فیس ادا کروا رہا ہوں۔ جبکہ کانگریس نے فیس اور لیپ ٹاپ دینا بند کر کے آپ کا مستقبل تاریک کرنے کا گناہ کیا ۔ میرے بچو، کبھی بھی مایوس نہ ہونا۔ مزید ضرورت پڑی تو ماما بھی آپ کے لیے نیا پلان بنا دیگا۔
سی ایم شیوراج نے کہا، آپ تمام طلباء سے تجاویز لینے کے لیے ایک پورٹل بنوائیں گے۔ تجویز کریں، ہم کسی بہانے دوبارہ اکٹھے بیٹھیں گے۔ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی ہے جب میں اپنے بھانجوں اور بھانجیوں کے ساتھ ہوتا ہوں۔