کیپ ٹائون 27ستمبر:جنوبی افریقہ کے لیے اتوار کا دن انتہائی دردناک ثابت ہوا۔ یہاں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک ہوگئے۔ پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے باہر ایک ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جس میں 17 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ وہیں کیپ ٹاؤن میں فائرنگ کے ایک دوسرے واقعے میں مزید 10 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 5 کو اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔پولیس کے مطابق ویسٹ رینڈ ضلع کے ویڈیلا علاقے میں ایک شراب خانے کے باہر کچھ لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کے پاس پستول اور AK-47 رائفلیں تھیں۔ فائرنگ کے بعد تمام حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی ہے۔ فی الحال پولیس واقعے کی وجہ اور حملہ آوروں کی شناخت کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔