بھوپال، 13 ستمبر: یونیفارم سول کوڈ (UCC)، مسلم پرسنل لا کی شرعی و آئینی اہمیت اور اسلامی خاندانی نظام کے تحفظ کے سلسلے میں علماء و ائمہ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس مسجد صدیق پورہ، انا نگر، بی ایچ ای ایل، بھوپال میں مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب، صدر جمعیت علماء مدھیہ پردیش، کی سرپرستی اور ڈاکٹر مفتی محمد عرفان عالم قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں UCC سے متعلق صحیح و مستند معلومات عوام تک پہنچانے، غلط فہمیوں کے ازالے اور دینی و قانونی شعور بیدار کرنے کے لیے وارڈ، محلہ اور مسجد کی سطح پر منظم عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
صدرِ اجلاس ڈاکٹر مفتی محمد عرفان عالم قاسمی نے کہا کہ UCC کا مسئلہ محض قانونی معاملہ نہیں بلکہ مذہبی آزادی، شخصی قوانین اور شہری حقوق سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جذبات کے بجائے علم، حکمت، آئینی شعور اور پُرامن جمہوری ذرائع اختیار کیے جائیں۔ ساتھ ہی اصلاحِ معاشرہ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ خواتین کے شرعی حقوق، خصوصاً وراثت، نان و نفقہ اور خاندانی معاملات میں اسلامی احکام کی مکمل پاسداری کی جائے۔
مولانا محفوظ صاحب جامعی نے جمعیت علماء مدھیہ پردیش کی جانب سے UCC کے سلسلے میں کی جانے والی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل سے واقف کرایا، جبکہ مہمانِ خصوصی مفتی محمد اسحاق صاحب قاسمی نے علماء و ائمہ سے اپنے اپنے علاقوں میں دینی و قانونی بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی۔
اجلاس میں عوام سے آئینی و جمہوری طریقے سے اپنی تشویش متعلقہ ذمہ داران تک پہنچانے کی اپیل بھی کی گئی۔
19 ستمبر کو اگلا مشاورتی پروگرام: مولانا محمد انور ندوی، سکریٹری حلقہ بی ایچ ای ایل، نے اعلان کیا کہ 19 ستمبر، بروز سنیچر، مسجد نور، بڑا چمبل، بی ایچ ای ایل، بھوپال میں علماء و ائمہ کا مشاورتی پروگرام منعقد ہوگا۔ اجلاس کی نظامت مولانا محمد انور ندوی نے کی، جبکہ اختتام پر مفتی محمد اسحاق صاحب قاسمی نے دعا فرمائی۔