بھوپال، 24جولائی (رپورٹر) منی پور میں دو ماہ سے چل رہے نسلی تشدد اور حال ہی میں تشدد میں ملوث ایک فریق کے ذریعے دو خواتین کے ساتھ گینگ ریپ کرنے اور انہیں برہنہ کرکے سڑکوں پر گھمائے جانے جیسے نا پسندیدہ عمل کے خلاف ملک بھر میں لوگوں میں غم و برہمی بڑھتی جا رہی ہے۔جبکہ پارلیمنٹ میں اس معاملے میں بحث کرانے کے اپوزیشن کے مطالبہ پر تعطل برقرار ہے۔ ادھر مدھیہ پردیش میں بھی سیاسی و سماجی سطح واقعہ پر لوگ برہم ہیں۔اسی کڑی میں مدھیہ پردیش اسمبلی میں نوجوان کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود نے آج منٹو ہال واقع گاندھی جی مجسمہ کے سامنے ایک دن کا ستیہ گرہ کر منی پور میں امن کی بحالی اور خواتین کی عزت تار تار کرنے والے قصور واروں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔
ایم ایل اے عارف مسعود کی قیادت میں گاندھی مجسمہ کے سامنے سیاہ کپڑے پہن کر ستیہ گرہ کیا گیا جس میں کانگریس کارکنوں سمیت خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دھرنے پر بیٹھے ہوئے لوگ سلوگن لکھے پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے۔
اس موقع پر ایم ایل اے عارف مسعود نے کہا کہ منی پور کا واقعہ ملک کے لیے شرمناک ہے۔ افسوس کہ کارگل جنگ میں ملک کی حفاظت کرنے والے قبائلی فوجی کی اہلیہ کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی جو کہ انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ منی پور میں لوگوں کے گھر جلائے جا رہے ہیں اور خواتین کی برہنہ پریڈ کی گئی ہے۔ یہ ملک کے لیے تشویشناک بات ہے اور انسانیت کومجروح کردینے والے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں، ایسے میں ریاست منی پور اور مرکزی حکومت کو فوری طور پر انتہائی سخت فیصلے لینے چاہئیں تاکہ ریاست اور ملک میں امن، سکون، بھائی چارہ اور قانون کی حکمرانی قائم ہو، جہاں لوگ اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ آزادانہ ماحول میں رہ سکیں۔
ایم ایل اے عارف مسعود نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نے بروقت حالات کو نہیں سنبھالا اور منی پور میں 02 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ منی پور میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھیں۔ خواتین کو پولیس کی جیپوں سے اتار کر برہنہ گھمایا جا رہا تھا، ڈبل انجن والی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی اور وزیر اعظم مودی جی باہر کے ملکوں میں اعزاز حاصل کرنے میں مصروف رہے، اب مودی جی مان لیں کہ منی پور فسادات کی آگ میں جل رہا ہے۔
ایم ایل اے عارف مسعود نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں آکر ذمہ داری لیں، منی پور کے وزیر اعلیٰ کو برطرف کرکے صدر راج نافذ کریں اور خواتین کی بےعزت کرنے والے مجرموں کو سزا دینا چاہیے۔