نئی دہلی 20ستمبر: تہواروں سے قبل ہوائی کرایے میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس دوران صارفین پر پڑنے والے بوجھ کو دیکھتے ہوئے ’صنعتی تنظیم چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری‘ (سی ٹی آئی) نے مرکزی وزیر کو خط لکھا ہے، اور خط میں کرایوں پر لگام لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق تہواروں سے قبل ہوائی جہاز کے کرایوں میں 50 فیصد سے 100 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، جس وجہ سے ہوائی سفر کرنا کافی مہنگا ہو گیا ہے۔ تہواروں کے موقع پر جلد گھر پہنچنے کے لیے لوگوں کو کافی زیادہ سوچنا پڑ رہا ہے، کرایوں میں اضافے کا براہ راست اثر لوگوں کی جیب پر پڑے گا۔
انہیں باتوں کے پیش نظر سی ٹی آئی نے شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائڈو کو خط لکھ کر ہوائی کمپنیوں کی منمانی پر لگام لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیش گوئل نے بتایا کہ سی ٹی آئی کی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ چند دنوں قبل جو ہوائی ٹکٹ سستے تھے، وہی ٹکٹ اب ڈبل سے زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں اچانک انڈیگو، ایئر انڈیا وغیرہ ہوائی کمپنیوں نے ہوائی کرایوں میں 50 فیصد سے 100 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے، جس سے متوسط طبقے اور اعلیٰ متوسط طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ گنپتی مہوتسو کے ساتھ ہی ملک میں تہواروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو دیوالی اور چھٹھ پوجا تک جاری رہے گا، ایسے میں لوگوں کے ہوائی سفر کی فریکوئنسی بھی بڑھے گی۔ وہیں ایسے وقت میں 100 فیصد کرایہ بڑھا دینا ہوائی کمپنیوں کی منمانی ہے۔









