جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے

0
4

نئی دہلی 6مئی:دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو کی قیادت میں آج کانگریس کا ایک وفد دہلی پولیس کمشنر سنجے اروڑہ سے ملا۔ اس دوران کانگریس وفد نے بی جے پی لیڈروں اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے۔ اپنی شکایت میں کانگریس لیڈران نے ان پر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے، عوام کو بھڑکانے اور لوگوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ دہلی پولیس کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر نے بتایا کہ 4 مئی 2024 کو وہ دہلی کانگریس کے وکلاء کے ساتھ تغلق روڈ میں بی جے پی اور ان سے جڑے دیگر لوگوں کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی۔ یہ لوگ لوک سبھا انتخاب 2024 کے دوران عوام کو گمراہ کرنے، بھڑکانے اور لوگوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کے لیے فرضی خبریں پھیلا رہے تھے۔ دہلی کانگریس صدر نے پولیس کمشنر کو پورے معاملے کی جانکاری دی اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں جلد از جلد ایف آئی آر درج کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔