بھوپال، 21 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج ’مکھیہ منتری تیرتھ درشن یوجنا‘ کے تحت ریاست کے 32 بزرگ یاتریوں کوہوائی جہاز سے بھوپال ہوائی اڈے سے پریاگ راج کے لیے روانہ کیا۔مسٹرچوہان نے اس موقع پر کہا کہ بھگوان کو حاصل کرنے کے تین راستے ہیں۔ علم کا راستہ، عمل کا راستہ اور عقیدت کا راستہ۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک قرارداد پوری ہوئی، آج ایک خواب پایہ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والدین جیسے بزرگ آج ہوائی جہاز کے ذریعے تیرتھ یاترا پر جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رام کی مہربانی سے آپ تیرتھوں کے درشن کریں گے اورریاست کو آپ کا آشیرواد ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کا فرض ہے کہ وہ انسانوں کو ہر طرح کی خوشیاں فراہم کرنے کی کوشش کرے۔