سلہٹ، 6 مئی (یو این آئی) کپتان ہرمن پریت کور (39) کے رن اور پھر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بارش کی وجہ سے روکے گئے چوتھے ٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس اصول (ڈی ایل ایس طریقہ) کا استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 56 رنز سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔بارش کے باعث بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 14 اوورز میں 125 رنز کا ہدف ملا۔ بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں تھا اور چوتھے اوور میں مرشدہ خاتون (1) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد دلارا اختر (21) آٹھویں اوور میں 21 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ روبیہ حیدر (13)، کپتان نگار سلطانہ (1)، شورنا اختر (5)، رتو مونی (1) رابعہ خان (8) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شریفہ خاتون 11 اور ناہیدہ اختر دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیشی بلے بازوں میں سے کوئی بھی ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 14 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 68 رنز بنا سکی اور 56 رنز سے میچ ہار گئی۔
ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما اور سوبھنا آشا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پوجا وستراکر اور رادھا یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آج سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں تھی اور دوسرے ہی اوور میں شیفالی ورما (2 رن) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ دیلان ہیم لتا 14 گیندوں میں 22 رنز بنانے کے بعد پانچویں اوور میں آؤٹ ہو گئیں۔ اسمرتی مندھانا نے 18 گیندوں میں 22 رنز بنائے۔ رابعہ خان نے انہیں بولڈ آؤٹ کیا۔ کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کی جانب سے 26 گیندوں میں سب سے زیادہ 39 رنز بنائے۔ رچا گھوش نے 15 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنجیون سجنا آٹھ رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستان نے 14 اوورز میں چھ وکٹ پر 122 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے معروفہ اختر اور رابعہ خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شریفہ خاتون نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔