مودی کو دیوگوڑا کے پوتے کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کا جواب دینا چاہئے: کانگریس
نئی دہلی، 29 اپریل ( یو این آئی ) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنتا دل (سیکولر) کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی کے پوتے پراجول ریونا کے ساتھ انتخابی اسٹیج شیئر کرکے ملک کی خواتین کی توہین کی ہے اس لئے انہیں اس کا جواب دینا چاہئے۔ کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے لوک سبھا کے امیدوار ریونا پر جنسی استحصال کاسنگین الزام ہے۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا پراجول ریونا ہاسن سیٹ سے ایم پی ہیں اور وہ مسٹر دیوے گوڈا کے پوتے اور ‘مودی پریوار ‘ کا حصہ ہیں۔ پرجوال ریونا نے سینکڑوں خواتین کی زندگیاں برباد کر دیں اور پیر کو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔کانگریس کی ترجمان نے کہا پراجول کی ہزاروں فحش ویڈیوز وائرل ہیں، جن میں وہ ہر عمر کی خواتین کا جنسی استحصال کر رہاہے۔ ان خواتین میں پارٹی کارکن، گھر کے اندر کام کرنے والی خواتین، ممبران پارلیمنٹ اور ضلع پنچایت کی خواتین شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی پراجول کی بربریت سے واقف تھے اس کے باوجود انہوں نے انہیں اپنا مشترکہ امیدوار بنایا۔ اس کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، اس کی تعریف کی، اس کی پیٹھ پر تھپکی دی اور اس کے لیے ووٹ مانگے۔کانگریس کی ترجمان نے اس معاملے میں مسٹر مودی سے جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس درندے کو اپنا مشترکہ امیدوار کیوں بنایا اور مسٹر مودی ہر بار خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کے ساتھ کیوں کھڑے ہوتے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی اور خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ میڈیا میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے ، ہر طرف خاموشی ہے۔
مودی ریزرویشن ختم کرکے غریبوں کا حق چھین رہے ہیں: راہل
نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ریزرویشن کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے غریبوں کے حقوق چھیننے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں ریزرویشن سسٹم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹر پر کہا ریزرویشن کا مطلب ملک کے غریبوں، قبائلیوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی منصفانہ شراکت ہے۔ اور نریندر مودی نجکاری کو ہتھیار بنا کر آپ سے یہ حق چھیننا چاہتے ہیں۔دریں اثنا، کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی ریزرویشن ختم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا “کچھ دن پہلے تک وزیراعظم نریندر مودی 400 سیٹیں پار کرنے کا نعرہ دے رہے تھے، لیکن دو مرحلوں کے انتخابات کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) بے نقاب ہوگئی، بی جے پی کا آئین میں تبدیلی اور ریزرویشن ختم کرنے کا ناپاک منصوبہ ہے۔ ملک کے سامنے صورتحال یہ ہے کہ مسٹر مودی کانگریس کے ‘نیا ئے پتر ‘ میں ذات پر مبنی مردم شماری کے معاملے پر کنفیوژن پھیلا رہے ہیں، وہ بتائیں کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کے حق میں ہیں یا اس کے خلاف ہیں ؟
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کے لیے خصوصی کیمپ کا انعقاد
نئی دہلی ، 29 /اپریل (یو این آئی ) مقدس سفر حج 2024 پر جانے والے عازمین کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے علاقہ وار دی جانے والی حج سے متعلق تربیت کے سلسلے میں دہلی سے بغیر محرم کے حج کے مقدس سفر حج پر جانے والی 34 خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے لیے29/اپریل2024کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی خصوصی پہل پر اس تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے بغیر محرم کے سفر حج پر جانے والی خواتین سے خصوصی ملاقات کی ۔ اس دوران اپنے خطاب میں انہیں مقدس حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بغیر محرم کے سفر حج پر جانے والی تمام خواتین کو ایک ہی فلائٹ میں مکمل سیکیورٹی کے ساتھ مدینہ شریف پہنچایا جائے گا اور وہ خود بھی ہر قسم کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود رہیں گی۔
واضح رہے کہ اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کی کل تعداد 69 ہے جبکہ پورے ہندوستان سے محرم کے بغیر حج پر جانے والی خواتین کی کل تعداد تقریباً 4300 ہے۔