کراچی، 25 اپریل (یو این آئی) زخمی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور عرفان خان نیازی نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں دونوں کی ریڈیالوجی رپورٹس موصول ہوئی ہیں اور دونوں کو ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔رضوان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بیٹنگ کے دوران پٹھوں میں کھچاؤ کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا تھا۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے سے 10 دن تک میدان سے باہر رہ سکتے ہیں جب کہ نیازی اس میچ میں کسی قسم کی پریشانی میں نہیں دیکھے گئے تھے، تاہم معلوم ہوا ہے کہ ان کے پٹھوں میں بھی کھنچاؤ ہے، جس کی وجہ سے انہیں سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔اس جوڑی کے علاوہ اعظم خان انجری کی وجہ سے پہلے ہی دستیاب نہیں ہیں۔ اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے حسیب اللہ کو اعظم کے کور کے طور پر بلایا گیا ہے، اس کے علاوہ کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ دوسرے میچ میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ نے تیسرے میچ میں واپسی کرتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کر دی، آخری دو میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔