اندور 20 مئی:اندور میں بے موسم بارش نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ اندور میں اپریل میں 125 سالوں میں دوسری بار سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مئی میں بھی دس سالوں میں دوسری بار 10 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ جمعہ کو شہر کے کچھ حصوں میں بوندا باندی ہوئی تاہم ایئرپورٹ کے علاقے میں ڈیڑھ گھنٹے میں 18.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل 2021 میں بھی 15 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔ اس سے قبل سال 2013 میں 11.4 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم میں اتار چڑھاؤ رہے گا۔ شہر میں دو تین روز تک مطلع ابر آلود رہے گا اور اومس بھی شہر والوں کو پریشان کرے گی۔ 22 مئی کے بعد شہر میں گرمی مزید بڑھ سکتی ہے۔
اندور میں ہفتہ کو موسم پھر بدل گیا۔ تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر کے مکینوں کو حیران کردیا۔ شام 7 بجے بوندا باندی شروع ہوئی، پھر اچانک تیز ہوائیں چلنے لگیں اور تیز بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ شنی جینتی کے دوسرے دن ہفتہ کو شہر میں کئی مقامات پر بھنڈاروں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وہاں بارش نے تمام تیاریاں برباد کر دیں۔ بعض مقامات پر خیمے اکھڑ گئے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے بجلی بھی گرج رہی تھی۔