کیپ ٹاؤن، 3 جنوری (یو این آئی) محمد سراج کی 15 رن پر چھ وکٹ کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پہلے ہی دن جنوبی افریقہ کو 23.2 اوور میں 55 رن پر ڈھیر کر دیا۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر نے آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کے لیے آنے والی جنوبی افریقہ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس کا کوئی بھی کھلاڑی نہ رک کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم لنچ سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی محمد سراج کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ سراج نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے نو اوورز میں 15 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں جس میں تین میڈن اوور شامل تھے۔ میزبان ٹیم کے نو بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے۔ صرف دو بلے باز، کائل وارن (15 رنز) اور ڈیوڈ بیڈنگھم (12 رنز) ڈبل فیگر تک پہنچ سکے۔ سراج نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔یہ ساتواں موقع ہے جب جنوبی افریقی ٹیم 60 رنز سے کم پر آؤٹ ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ نے تیسری بار ہندوستان کے خلاف 100 سے کم اسکورپر آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2015 میں ناگپور میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 79 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ اور ناگپور کے علاوہ وہ 2006 میں جوہانسبرگ میں 84 رنز پر آوٹ ہوئی تھی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کا سب سے کم اسکور دو مرتبہ 30 رنز رہا ہے۔ 1896 میں انگلینڈ کے خلاف گکیبرہ میں 30 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی اور اس کے بعد 1924 میں 12.3 اوورز میں برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 30 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا نے میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کو12 فروری 1932 میں 23.2 اوورز میں 36 رنز ڈھیر کردیاتھا۔
سراج نے آج کے میچ میں ہندوستان کے لیے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ جسپریت بمراہ اور مکیش کمار نے 2-2 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ تیز گیند باز مکیش نے بغیر کوئی رن دیے 2.2 اوور میں دو وکٹ لیے۔