بھوپال:28؍نومبر:سڑک حادثات کی روک تھام، حادثات میں ہونے والی شرح اموات میں کمی اور حادثات کے متاثرین کو حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کا فائدہ دلانے کے لیے مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے پولیس افسران و اہلکاروں کو مسلسل تربیت دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر محمد شاہد ابصار کی ہدایت کے مطابق پولیس ٹرانسپورٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (PTRI)، بھوپال میں 26 اور 27 نومبر 2026 کو ’ایڈوانس ٹیکنالوجی، روڈ سیفٹی ٹولز اِن ٹریفک اینڈ گورنمنٹ اسکیمز‘ کے موضوع پر دو روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔اس تربیتی سیشن میں مدھیہ پردیش کی تمام ضلعی اکائیوں سے ریزروپولس انسپکٹر، انسپکٹر، صوبیدار، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کی سطح تک کے پولیس افسران کو دو روزہ آف لائن تربیت دی گئی۔ اس تربیتی سیشن کا افتتاح مسٹر ابھیجیت کمار رنجن، اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس، انڈین پولیس سروس، پی ٹی آر آئی، پولیس ہیڈکوارٹر بھوپال نے کیا۔ مسٹر راجیش کمار مشرا، اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس، پی ٹی آر آئی، پولیس ہیڈکوارٹر بھوپال نے ریاست میں ہونے والے گاڑیوں کے حادثات کا تجزیہ، ان کی روک تھام کے لیے عملی منصوبہ تیار کرنے اور حکومت کی جانب سے ریاست میں نافذ کی گئی مختلف سرکاری اسکیموں، جیسے ہٹ اینڈ رن اسکیم، راہ ویر اسکیم، پی ایم راحت اسکیم وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔