نئی دہلی23نومبر: نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ کے دورۂ ہندوستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 8 مفاہمت ناموں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں میں خلائی ٹیکنالوجی، سکیورٹی ٹریننگ، سرکاری ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافے، صحت، روایتی طب، پائیدار شہری ترقی اور زراعت سمیت کئی اہم شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ معاہدے وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ کے درمیان نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہونے والی دو طرفہ بات چیت کے بعد طے پائے۔ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ خلائی ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبے میں تعاون کے لیے ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) اور نیپال کی وزارت اطلاعات و مواصلات کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے کا مقصد جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے لیے سیٹلائٹ کمیونی کیشن نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مواصلاتی سہولتوں کو بہتر بنانے اور خلائی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے امکانات بڑھیں گے۔
پولیس اور فارنسک سائنس کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بھی دو معاہدے کیے گئے۔ پہلا معاہدہ گجرات کے گاندھی نگر میں واقع نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی (این ایف ایس یو) اور نیپال پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے درمیان ہوا۔ اس کے تحت تعلیمی سرگرمیوں، تحقیق اور متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ دوسرا معاہدہ ہندوستان کی راشٹریہ رکشا یونیورسٹی (آر آر یو) اور نیپال کی نیشنل پولیس اکیڈمی (این پی اے) کے درمیان طے پایا۔ اس کا مقصد پولیس کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور سکیورٹی سے متعلق شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔
صحت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک نے دو اہم مفاہمت ناموں پر دستخط کیے۔ پہلے معاہدے پر ہندوستان کی وزارت صحت و خاندانی بہبود اور نیپال کی وزارت صحت و غذائی تحفظ کے درمیان دستخط ہوئے۔ اس کے تحت صحت اور طبی خدمات کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
دوسرا معاہدہ آیوروید اور دیگر روایتی طریقہ ہائے علاج کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہے۔ اس کے ذریعے روایتی طب کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تجربات، معلومات اور مہارت کے تبادلے کی راہ ہموار ہوگی۔
ان معاہدوں کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی سے لے کر صحت، پولیس ٹریننگ اور شہری ترقی تک مختلف شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کو باہمی ترقی اور عوامی فلاح کے نئے مواقع ملنے کی امید ہے۔









