کولکاتا23نومبر: مغربی بنگال کی شناخت اب انگریزی میں ’ویسٹ بنگال‘ کے بجائے ’پشچم بنگا‘ کے طور پر درج کرانے کی تیاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کی حکومت نے ریاست کے نام کو تمام زبانوں میں ایک طرح لکھنے کی سمت میں قدم بڑھایا ہے۔ پیر (23 نومبر) کو نوان میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے اس کا اعلان کیا ہے۔ حکومت آئندہ اسمبلی اجلاس میں 9 دسمبر کو اس سلسلے میں ایک قرارداد لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اسمبلی اجلاس 4 دسمبر سے 14 دسمبر تک چلے گا۔ میٹنگ کے بعد سوویندو ادھیکاری نے کہا کہ ’ویسٹ بنگال‘ کا نام بدل کر ’پشچم بنگ‘ کرنے کی قرارداد 9 دسمبر کو ایوان میں پیش کی جائے گی۔ ان کے مطابق اسمبلی سے قرارداد پاس ہونے کے بعد اسے منظوری کے لیے مرکزی حکومت کے پاس بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ بنگال کی تاریخ میں 1905 کا سال انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اس وقت کے وائسرائے لارڈ کرزن نے 16 اکتوبر 1905 کو بنگال کی تقسیم کی تھی۔ اس کے تحت مشرقی بنگال اور آسام کو ملا کر الگ صوبہ بنایا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف بڑے پیمانے پر تحریک چلی تھی۔ ’سودیشی‘ تحریک نے زور پکڑا اور پورے ملک میں احتجاج کی آواز بلند ہوئی تھی۔ بالآخر 1911 میں برطانوی حکومت کو بنگال کی تقسیم منسوخ کرنی پڑی تھی۔ تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا موڑ 1947 میں آیا جب ملک کی تقسیم کے ساتھ بنگال بھی 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ مسلم اکثریتی مشرقی حصہ ’مشرقی پاکستان‘ بنا، جو 1971 میں آزاد بنگلہ دیش بنا۔ دوسری جانب ہندو اکثریتی مغربی حصہ ہندوستان کا حصہ بنا اور اسے ویسٹ بنگال یعنی مغربی بنگال کا نام دیا گیا۔ 15 اگست 1947 کے بعد یہ ہندوستان کے ایک الگ صوبہ کے طور پر وجود میں آیا۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ نیا نہیں ہے۔ 2011 میں ممتا بنرجی کے اقتدار میں آنے کے بعد اس معاملے پر بحث تیز ہوئی تھی۔ ان کی حکومت نے ریاست کا نام تبدیل کر کے ’بنگلہ‘ کرنے کی قرارداد پیش کی تھی۔
2018 میں اسمبلی نے اسے متفقہ طور پر منظور بھی کر لیا تھا۔ قرارداد میں مختلف زبانوں کے لیے الگ الگ ناموں کے بجائے یکساں شناخت کی مانگ کی گئی تھی۔ حالانکہ مرکزی حکومت نے اسے منظوری نہیں دی تھی۔ 2019 میں وزارت داخلہ نے راجیہ سبھا میں واضح کیا تھا کہ ریاست کا نام بدلنے کے لیے آئینی طریقۂ کار پر عمل کرنا ضروری ہے۔