انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ سیزن یعنی آئی پی ایل 2027 کی تیاری تمام 10 ٹیموں نے شروع کر دی ہے۔ منگل (17 نومبر) کو آئی پی ایل کی تمام فرنچائزز نے اپنی اپنی ریٹین اور ریلیز کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی۔ اس بار مچل اسٹارک، ٹریوس ہیڈ اور شمرن ہیٹمائر سمیت کئی بڑے کھلاڑی ریلیز کیے گئے۔ اب 16 دسمبر کو گوا میں ’مِنی آکشن‘ کا انعقاد ہوگا۔ آئیے جانیں نیلامی میں کس ٹیم کے پاس کتنا پیسا رہے گا۔ آئی پی ایل 2027 کی نیلامی میں سب سے زیادہ پیسہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے پاس رہے گا۔ لکھنؤ 47.45 کروڑ روپے لے کر نیلامی میں اترے گی۔ دوسری جانب سب سے کم پیسہ گجرات ٹائٹنس کے پاس رہے گا، وہ صرف 8.75 کروڑ روپے لے کر آکشن میں بیٹھے گی۔ کولکاتہ نائٹ رائڈرز اور سن رائزرس حیدرآباد کے پاس بھی 40 کروڑ سے زیادہ کی رقم رہے گی۔ دہلی بھی 39.50 کروڑ روپے کے ساتھ نیلامی میں اترے گی۔ واضح رہے کہ 3 دسمبر کو آئی پی ایل 2027 کی نیلامی کے لیے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ ابھی ہندوستان سمیت دنیا بھر کے کھلاڑی نیلامی کے لیے خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں۔ 23 نومبر 2026 کو رجسٹریشن ونڈو بند ہو جائے گی۔ اضفی پلیئر کی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 نومبر 2026 ہے۔ اس کے بعد بی سی سی آئی 3 دسمبر کی نیلامی کے لیے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری کرے گی۔









