بھوپال، 14 نومبر: مدھیہ پردیش کانگریس کے انچارج ہریش چودھری اور ریاستی صدر جیتو پٹواری کی موجودگی میں ہفتہ کو بھوپال واقع ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں اندور اور اجین ڈویژن کا تنظیمی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالوہ-نماڑ خطے میں پارٹی تنظیم کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے، آئندہ پروگراموں اور عوامی مسائل پر جدوجہد کی حکمتِ عملی تیار کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تنظیمی جنرل سکریٹری سنجے کاملے، میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین مکیش نائک اور ریاستی جنرل سکریٹری گورو رگھوونشی سمیت اندور و اجین ڈویژن کے تمام ضلعی صدور، ضلعی انچارج اور اسمبلی حلقوں کے انچارج شریک رہے۔
اس موقع پر ریاستی صدر جیتو پٹواری نے تنظیمی ہم آہنگی، کارکنان کی فعال شمولیت اور بوتھ سطح تک پارٹی کو مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ عوام کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مالوہ-نماڑ سمیت پورے مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مضبوطی سے جدوجہد کرنے اور پارٹی کے نظریات کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔