جے پور5نومبر: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے اگنی ویر اسکیم میں تبدیلیوں پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ راہل گاندھی کے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کا الزام بھی لگایا۔ پائلٹ نے بے روزگاری، کسانوں کے مسائل اور پنجاب میں منشیات کے بحران کے حوالے سے بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا، جبکہ مرکزی وزیر کرن رجیجو کے تبصروں پر راہل گاندھی کا دفاع کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں پائلٹ نے جمعرات کو کہا کہ اگنی ویر اسکیم میں حکومت کی حالیہ تبدیلی پہلے کیے گئے فیصلوں سے پیچھے ہٹنے کی ایک اور مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے پہلے ہی اسکیم کے ممکنہ اثرات پر تشویش ظاہر کی تھی اور اب حکومت کے فیصلوں سے ان کی باتوں کی تصدیق ہو رہی ہے۔ پائلٹ نے زرعی قوانین کی واپسی اور مردم شماری سے متعلق حکومت کے موقف میں تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کئی اہم معاملات پر اپنا فیصلہ بدلنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ابتدا ہی سے اگنی ویر اسکیم کی مخالفت کرتی آئی ہے۔ پائلٹ کے مطابق، 4 سال بعد فوج سے باہر ہونے والے نوجوان خود کو غیر محفوظ اور بے سمت محسوس کر سکتے ہیں۔