نئی دہلی6نومبر: انڈر-19 ایشیا کپ میں ہندوستان نے اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں نیپال کو 10 وکٹوں سے زوردار شکست دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیپال کی پوری ٹیم 42.3 اوور میں 128 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جواب میں ہندوستان نے 19.1 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کر لیا۔ آج کے میچ میں وریندر سہواگ کے بیٹے آریہ ویر سہواگ، یعنی جونیئر سہواگ نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کر دی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 70 رن بنائے۔ دوسری طرف کپتان لکشیہ رائے چندانی 63 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 53 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل نیپال کی جانب سے درش سونار نے سب سے زیادہ 43 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کی طرف سے ایشان سود اور ارجن راجپوت نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستانی انڈر-19 ٹیم نے آج ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز نیپال کی انڈر-19 ٹیم سے المریٹ کرکٹ گراؤنڈ میں کیا۔ کپتان لکشیہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس میچ میں راہل دراوڑ کے بیٹے انوے دراوڑ بھی کھیل رہے تھے، لیکن انہیں بلے بازی کا موقع ہی نہیں ملا۔ نیپال کو پہلا جھٹکا تیسرے اوور میں صرف 3 رن کے اسکور پر لگا تھا۔ ایشان سود نے پرسدھ جائشی کو کیچ آؤٹ کرایا۔ ایشان ایک رن ہی بنا سکے۔ ایشان کو دوسری کامیابی پانچویں اوور میں ملی، جب انہوں نے سوریانشو کوئرالا کو ارجن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ سوریانشو 5 رن بنا سکے۔ ایشان سود نے قہر برپا کرتے ہوئے تیسری وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے نچل چھیتری کو کیچ آؤٹ کرایا۔ نچل اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ نیپال کو چوتھا جھٹکا 18ویں اوور میں 51 رن کے اسکور پر لگا۔ منل چوہان نے نیرج یادو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ وہ 48 گیندوں پر 20 رن بنا سکے۔ اس کے بعد آشیش لوہار اور درش نے پانچویں وکٹ کے لیے 43 رن کی شراکت داری کی۔ یشویر گوڑ نے اس شراکت داری کو توڑا۔ انہوں نے آشیش کو کیچ آؤٹ کرایا۔ آشیش 29 رن بنا سکے۔ بعد ازاں ارجن راجپوت نے سچن بھٹ کو آؤٹ کیا۔ وہ 6 رن بنا سکے۔ ابھے یادو اور نتیش پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ درش نے 93 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رن کی اننگز کھیلی۔ نیپال کو آخری جھٹکا سشیل راول کی صورت میں لگا۔ وہ بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح نیپال کی پوری اننگ 128 رن پر سمٹ گئی۔ ایشان اور ارجن کے علاوہ یشویر گوڑ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کاویہ پٹیل اور منل چوہان کو 1-1 وکٹ ملا۔ نیپال کے 8 کھلاڑی دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے، اور ان میں سے 4 کھلاڑی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے۔