نئی دہلی، یکم نومبر: سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ’ووٹ بچاؤ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی عوام کے درمیان انتخابی کامیابی حاصل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، اس لیے انتخابی کمیشن کے ذریعے سازشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے لوگ جس طرح استقبال کرنا جانتے ہیں، اسی طرح رخصتی بھی اچھی طرح کرنا جانتے ہیں۔ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں ایسی وداعی ہوگی کہ اقتدار سے جانے والے دوبارہ واپس نہیں آئیں گے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جو لوگ اتر پردیش سے آئے تھے، وہ اتر پردیش ہی واپس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں عوام نے تھوڑی سی وداعی کی تھی، لیکن 2027 کے اسمبلی انتخابات میں ایسی وداعی ہوگی کہ واپسی کا راستہ نہیں بچے گا۔ سماجوادی پارٹی سربراہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی مسلسل سازش کر رہی ہے، کیونکہ اسے معلوم ہے کہ وہ عوام کے درمیان انتخابی مقابلہ جیت نہیں سکتی۔ اسی لیے انتخابی کمیشن کے ذریعے راستہ نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے ذریعے لاکھوں ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کر دیے گئے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اپوزیشن اس طرح کی کارروائیوں سے ہار ماننے والی نہیں ہے اور اس نے ووٹوں کی چوری پکڑ لی ہے۔ انہوں نے 2022 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت نہ بننے کی ایک بڑی وجہ ووٹوں کی چوری تھی۔ ان کے مطابق جب انہوں نے انتخابی کمیشن کے سامنے ووٹر لسٹ سے نام خارج کیے جانے کا معاملہ اٹھایا تو انہیں نوٹس بھیج دیا گیا اور پوچھا گیا کہ وہ کس بنیاد پر ووٹ کٹنے کا الزام لگا رہے ہیں۔









