نئی دہلی، یکم نومبر: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ’ووٹ چوری‘ کے خلاف منعقدہ عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومتوں پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ساتھ مہاراشٹر، بہار اور اتر پردیش کی حکومتوں کو بھی ’چوری کی حکومتیں‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مودی اقتدار سے نہیں ہٹیں گے، ملک میں جمہوریت کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی خود ہی اپنے آپ کو منتخب کرتے ہیں، عوام انہیں منتخب نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ایسی حکومتیں قائم ہیں جو عوام کے ووٹ کے بجائے چوری کے ذریعے اقتدار میں آئی ہیں۔ ان کے مطابق مرکزی حکومت کے علاوہ مہاراشٹر، بہار اور اتر پردیش کی حکومتیں بھی اسی زمرے میں آتی ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ان حکومتوں کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’ان چوروں کو اقتدار سے نکالنا ہوگا۔ مودی اقتدار سے جائیں گے، تبھی جمہوریت بچے گی۔‘‘ کھڑگے نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ڈرانے اور دباؤ میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سمیت مختلف سرکاری اداروں کے ذریعے اپوزیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن کانگریس اور انڈیا اتحاد کے رہنما اس طرح کی کارروائیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور حکومت کی طرف سے پیدا کیے جانے والے دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔









