نئی دہلی 31اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی اتحاد کے دن کے موقع پر اپوزیشن پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں کی مخالفت کرے لیکن بدقسمتی سے ملک میں اپوزیشن اب ’’رکاوٹ کرنے والی جماعت‘‘ بن چکی ہے۔ اپنی مایوسی سے اپوزیشن ملک کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ یہ مخالفت نہیں بلکہ رکاوٹ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لوگ آئین کو درکنار کرنے اور ملک کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہم وطنوں کو متحد ہو کر ایسی طاقتوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کون خفیہ طور پر بیرون ملک میٹنگ کر رہا ہے اور کون بھارت مخالف طاقتوں کی زبان بول رہا ہے۔ ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ملک سے ’’ذہنی نکسلیوں‘‘ کا خطرہ ٹل نہیں سکا ہے۔ ملک کو ان کے خلاف ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے نکسل ازم کے خلاف ملک کی کارروائی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال سردار پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش پر ان کے چرنوں کے سامنے کھڑے ہوکر یہ عزم کیا تھا کہ جب تک ملک کو نکسل ازم اور ماؤ نواز دہشت گردی سے مکمل طور پر نجات نہیں دلادیتا وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ٹھیک ایک سال بعد آج ملک کا عزم پورا ہوا ہے۔









