نئی دہلی 28اکتوبر: دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کو 4 خاتون پہلوانوں کی جانب سے درج کرائے گئے مبینہ جنسی ہراسانی کے معاملے میں انہیں بری کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی اپیل پر اپنا جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے سنگھ کو ایک ہفتے کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔
عدالت نے کہا کہ سنگھ کو جواب دینے کا مزید کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ یہ اپیل 4 خاتون پہلوانوں نے دائر کی ہے، جس میں سنگھ اور ڈبلیو ایف آئی کے سابق اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کو بری کرنے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اپیل میں ونود تومر کو مجرمانہ دھمکی دینے کے الزام سے بری کیے جانے کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔
اپیل دائر کرنے والوں نے کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر برقرار رہنے کے قابل نہیں ہے اور ریکارڈ پر موجود شواہد کا درست طریقے سے جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔ 28 ستمبر کو راؤز ایونیو کورٹ نے سنگھ اور تومر کو نوٹس جاری کر کے اپیل پر ان کے جواب طلب کیے تھے۔ اس کے بعد 9 اکتوبر کو معاملہ سماعت کے لیے درج کیا گیا، جب عدالت نے جواب دہندگان کو اپنے جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت دیا اور آئندہ سماعت کے لیے 28 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی۔ 3 اگست کو سنائے گئے فیصلے میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اشونی پوار نے سنگھ اور تومر کو بری کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات کو بلا شبہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔
مئو میں پانچ کوئنٹل پٹاخے برآمد
مئو، 28 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع مئو کے کوپا گنج تھانہ علاقے میں پولیس نے چھاپہ مار کر ایک گھر سے بڑی مقدار میں پٹاخے اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔ اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرویش کمار مشرا کی ہدایت پر جرائم اور مجرموں کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے دوران، کوپا گنج پولیس نے 27 اور 28 اکتوبر کی درمیانی شب اندارا چٹی کے قریب ایک مکان سے 19 گتوں اور 7 پلاسٹک کی بوریوں میں مختلف کمپنیوں کے پٹاخے برآمد کیے، جن کا کل وزن 516.350 کلوگرام ہے۔

اس معاملے میں مکان مالک نندن گپتا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کا چالان ایکسپلوسیو ایکٹ (دھماکہ خیز مواد ایکٹ) 1884 کی دفعہ 5/9 بی اور بی این ایس کی دفعہ 288 کے تحت کیا گیا ہے۔