نئی دہلی27اکتوبر: کانگریس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) پر انتخابی فہرستوں کی تیاری اور خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں اور قانونی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ شام داخل کیے گئے حلف نامہ کو گمراہ کن، فریب پر مبنی اور متضاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حلف نامہ خود الیکشن کمیشن کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ہے۔ جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ میں الیکشن کمیشن کے حلف نامے پر چھ اہم سوالات اٹھائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن حقائق کو چھپانے اور اپنی قانونی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کے لیے استعمال ہونے والے فارم 6 کے ساتھ ایک نیا اعلانیہ منسلک کرنے کے معاملے پر گمراہ کن مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کے مطابق، پہلے کمیشن نے دعویٰ کیا کہ نئے اعلانیے کو سپریم کورٹ کی حمایت حاصل ہے، لیکن بعد میں عدالت نے اس مؤقف کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نیا اعلانیہ الگ ہے اور فارم 6 میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی۔ تاہم، جے رام رمیش کے مطابق، اس لازمی اعلانیے کو پُر کیے بغیر آن لائن فارم 6 جمع نہیں کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمیشن نے 26 ستمبر 2026 کو اعلانیے کو فارم 6 کے ساتھ منسلک قرار دیا تھا، لیکن اب اسے فارم کا حصہ تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ ان کے مطابق، یہ طرز عمل رجسٹریشن آف الیکٹورز رولز، 1960 کی خلاف ورزی کو چھپانے کی کوشش ہے۔
باندہ میں کچے مکان کی دیوار گری، خاتون کی موت
باندہ، 27 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع باندہ کے جسپورا تھانہ علاقے میں منگل کو ایک کچے مکان کی دیوار گر جانے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ پولیس سرکل آفیسر (سٹی) سوربھ سنگھ نے بتایا کہ جسپورا تھانے کے امارا گاؤں میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاؤں کے بھیکھم پرساد کی 50 سالہ اہلیہ پچی دیوی گھر میں کچی مٹی کی دیوار کی لپائی کر رہی تھیں۔
اسی دوران دیوار گرنے سے وہ اس کے نیچے دب گئیں اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔