بھوپال، 27 اکتو: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے پہلی مرتبہ مدھیہ پردیش میں مدھیہ پردیش پبلک سروس کمیشن (ایم پی پی ایس سی) کے امتحانات سال میں 2 مرتبہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوانوں کے احترام، ان کی بہتری اور انہیں زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ ریاست میں سال 2027 کو نوجوانوں کے سال کے طور پر منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو منگل کو رائے سین روڈ واقع اورینٹل کالج میں منعقدہ ’جمہوریت بچاؤ، انارکی ہٹاؤ نوجوان مکالمہ پروگرام 2026‘ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بڑے بھائی کی حیثیت سے نوجوانوں سے مکالمہ کیا اور ان کے سوالات اور تجسس کا جواب دیا۔ پروگرام کے آغاز میں کالج کے احاطے میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی آمد پر این سی سی اور این ایس ایس کے طلبہ نے انہیں سلامی دے کر ان کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ نوجوان آبادی والا اور سب سے بڑا جمہوری ملک ہے۔ نوجوانوں کے بھروسے ہی ہندوستان کا جمہوری نظام محفوظ ہے اور آئندہ بھی محفوظ رہے گا۔ امرت کال میں جب سال 2047 میں ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے، تب ہندوستان دنیا کا سب سے طاقتور، خوشحال اور ہر شعبے میں سرفہرست ملک بن جائے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے طلبہ سے غیر جانبدارانہ انتخابی عمل، شہریوں کے حق رائے دہی، ووٹر لسٹ اور الیکشن کمیشن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں درج معلومات درست ہوں اور انتخابی عمل کی شفافیت برقرار رہے، اس مقصد سے الیکشن کمیشن نے اسپیشل انٹینسیو ریویو (ایس آئی آر) سمیت ضروری اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ایشین گیمز میں مدھیہ پردیش کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 تمغے حاصل کیے، جن میں 5 طلائی تمغے شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں مسلسل آگے بڑھا رہی ہے۔









