لکھنؤ :27؍اکتوبر(پریس ریلیز): چھٹی بین الاقوامی اردو کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں پیر کی شام سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اتر پردیش اور کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر عمار رضوی کی رہائش گاہ دارالامان، علی گنج، لکھنؤ میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر خان محمد عاطف نے کی۔ میٹنگ میں کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف انتظامی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور آئندہ کی تیاریوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پانچ بین الاقوامی اردو کانفرنسیں کامیابی کے ساتھ منعقد ہو چکی ہیں، جن کے ذریعے اردو زبان و ادب کے فروغ اور اس کے علمی و تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ چھٹی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہوگی۔اس موقع پر ڈاکٹر عمار رضوی نے اردو زبان کی موجودہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ترقی کے لیے محض زبانی دعوے کافی نہیں، بلکہ عملی تعاون اور سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو کے فروغ کی ابتدا اپنے گھر سے ہونی چاہیے۔ بچوں کو اردو پڑھنے لکھنے کی ترغیب دینے اور نئی نسل کو اپنی زبان و تہذیب سے جوڑنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر مؤثر اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے مزید کہا کہ اردو ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایت، ثقافتی ورثے اور باہمی ہم آہنگی کی اہم علامت ہے۔ اس کی ترویج و اشاعت کے لیے ضروری ہے کہ روزمرہ زندگی، تعلیم اور ادبی و سماجی سرگرمیوں میں اس کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اردو کے تحفظ اور ترقی کو مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس کی ادبی و تہذیبی اقدار نئی نسل تک منتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔
میٹنگ میں کانفرنس کے منظم انعقاد کے لیے پانچ کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کی ذمہ داریوں کے تعین پر بھی غور کیا گیا۔ ان میں افتتاحی اجلاس، علمی سیمینار، مشاعرہ، ثقافتی پروگرام اور میڈیا رابطہ سے متعلق کمیٹیاں شامل ہوں گی۔ مختلف پروگراموں کے مقامات اور انتظامی ذمہ داریاں کن افراد کو سونپی جائیں گی، اس کا فیصلہ آئندہ میٹنگ میں کیا جائے گا۔ اس اہم میٹنگ میں پروفیسر خان محمد عاطف، ڈاکٹر اقتدار حسین فاروقی، سینیر صحافی پردیپ کپور، ڈاکٹر ہارون رضوی، حسن کاظمی، سید عاصم رضا، سلطان شاکر ہاشمی، آصف زماں رضوی، انصرام علی،سرفراز زاہد، پروفیسر اروپ چکرورتی، ڈاکٹر موسیٰ رضا، ڈاکٹر آل احمد، ڈاکٹر مسیح الدین خان، ڈاکٹر ثروت تقی، کلب سلمان، ڈاکٹر منتظر قائمی، ظہیر مصطفیٰ، انور زیدی، ڈاکٹر احتشام خان، جمیل حسن نقوی، ابوشحمہ انصاری، ڈاکٹر عین الحسن، عتیق احمد انصاری، شہاب الدین خان، روی پرکاش یادو، مرزا فرقان بیگ، عرفان منصوری،مرزا اسلم بیگ سمیت دیگر ممتاز علمی، ادبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
امید ظاہر کی گئی کہ چھٹی بین الاقوامی اردو کانفرنس زبان و ادب کی ترقی، علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور نئی نسل میں اردو سے وابستگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یہ اطلاع آل انڈیا ما نا ریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبہ نشرو اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔









