اسلام آباد 26اکتوبر: اتوار کو پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ 154 رن پر 9 وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستان نے 242 رن کا ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا۔ پاکستان کی اس معجزاتی جیت کے ہیرو شاداب خان رہے، جنہوں نے ناٹ آؤٹ 113 رن بنا کر میچ کا رخ ہی پلٹ دیا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان یہ میچ 20 رن سے ہار چکا تھا؟ میچ ختم ہونے کے بعد کھلاڑی ہاتھ ملانے اور گلے ملنے جیسی رسمی کارروائیاں پوری کرنے لگے تھے۔ کھلاڑی میدان سے باہر جانے کے لیے تیار تھے۔ شاداب بھی یہ مان چکے تھے کہ وہ آؤٹ ہیں، لیکن اس کے بعد جو ہوا، وہ حیران کن منظر تھا۔ اب پاکستان پر میچ فکسنگ کا الزام لگایا جا رہا ہے، کیونکہ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو فیصلہ کے خلاف ریویو لینے کا اشارہ نہیں کیا تھا۔ اس کے باوجود ان کے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کے فیصلہ کا ریویو کیا گیا۔
یہ معاملہ پاکستان کی اننگز کے 45ویں اوور کا ہے۔ آخری 5 اوور میں پاکستان کو صرف 27 رن بنانے تھے۔ گس ایٹکنسن کے اوور کی پہلی گیند پر شاداب نے چھکا لگا دیا تھا، لیکن دوسری گیند ایٹکنسن نے یارکر کی، جس پر شاداب کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی۔ امپائر نے بھی شاداب کو آؤٹ قرار دے دیا تھا۔ براڈکاسٹر نے بھی دکھا دیا تھا کہ انگلینڈ 20 رن سے جیت گیا ہے۔ پاکستان کی شکست ہو چکی تھی۔ شاداب کو بھی اندازہ تھا کہ وہ وکٹ کے بالکل سامنے تھے اور انہیں کوئی نہیں بچا سکتا۔ اس کے باوجود انہوں نے ڈی آر ایس لیا۔ ڈی آر ایس میں معاملہ بال ٹریکنگ تک پہنچا ہی نہیں، کیونکہ الٹرا ایج میں گیند شاداب کے بلے سے لگتی ہوئی دکھائی دی۔ یہ دیکھ کر امپائر بھی حیران رہ گئے اور مسکرانے لگے۔