بھوپال 19اکتوبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ گوالیار میں پیش آنے والے حادثے میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ تفصیلی رپورٹ کی بنیاد پر تمام قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو پیر کے روز گوالیار میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ گوالیار میں گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے میں زخمی ہونے والے لوگوں سے وہ مرکزی وزیر مسٹر جیوتی رادتیہ سندھیا، رکن پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے ساتھ اسپتال جاکر ملے ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ضرورت پڑنے پر گوالیار سے باہر کسی دوسرے طبی ادارے میں علاج کے لیے زخمیوں کو بھیجنے کے واسطے ایئر ایمبولینس کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہتر علاج ملے۔ ڈاکٹروں سے موصولہ معلومات کے مطابق، زیادہ تر زخمیوں کی حالت میں پہلے کے مقابلے میں بہتری آئی ہے۔ شدید زخمی مریضوں کی حالت پر خصوصی طور پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو راحت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی واقعے کی جانچ کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔ اس واقعے کے لیے جو بھی قصوروار پائے جائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر زخمی شخص اور اس کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کرکے ان کی ضروریات کو سمجھا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہر زخمی کو وقت پر بہتر علاج ملے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔