چنڈی گڑھ 18اکتوبر: پنجاب کے سنگرور ضلع کے لہراگاگا میں ایک بھیانک سڑک حادثے نے کئی غریب خاندانوں کو اجاڑ کر رکھ دیا۔ یہاں منریگا کے تحت سڑک پر کام کر رہے مزدوروں کو ایک تیز رفتار کار نے زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ کئی مزدور زخمی ہو گئے۔ واقعے کے وقت تقریباً 25 مزدور سڑک پر کام کر رہے تھے۔ اچانک ہوئی اس ٹکر کے بعد جائے حادثہ پر افراتفری مچ گئی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، حادثے میں جان گنوانے والے مزدور سنگرور ضلع میں لہراگاگا کے قریب واقع علی شیر گاؤں کے رہنے والے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔ سنگرور کے ایس پی پلوِندر چیما نے بتایا کہ ملزم کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے کار ڈرائیور کا نام پرگٹ سنگھ کالا بتایا ہے۔ حادثے میں استعمال ہوئی کار کا رجسٹریشن نمبر PB11 CP 0080 بتایا جا رہا ہے۔