نئی دہلی، 18 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے اسٹار آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا کا متبادل تلاش کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایسے کھلاڑیوں پر توجہ دینی چاہیے جو اپنی گیندبازی کی طاقت برقرار رکھتے ہوئے مختلف ذمہ داریاں نبھا سکیں۔گاوسکر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو کم از کم چار ماہر گیندبازوں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، جبکہ آل راؤنڈرز بلے سے تعاون کرتے ہوئے پانچویں اور چھٹے گیندبازی کے آپشن فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گیندبازی میں گہرائی کی قیمت پر بلے بازی کو مضبوط کرنے سے ٹیم کمزور ہوسکتی ہے۔گاوسکر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی-20 میچ کے بعد جیو اسٹار پر کہا، ‘ہم کبھی کبھی ہارڈک پانڈیا کا متبادل تلاش کرنے میں کچھ زیادہ ہی آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ہارڈک پانڈیا کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ اگر آپ کو ان جیسا کھلاڑی نہیں مل رہا تو کسی ایسے کھلاڑی کو شامل کریں جو کچھ مختلف کر سکتا ہو۔
پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی، جبکہ بارش کے باعث فیصلہ کن میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ گاوسکر نے نمن دھیر کو ایسے کھلاڑی کی مثال قرار دیا جو مختلف صلاحیتیں پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بارش سے متاثرہ میچ میں دھیر کی چھ گیندوں پر ناٹ آؤٹ 24 رنز کی اننگز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ‘نمن دھیر یہی کام کر رہے ہیں۔ وہ اپنے اوورز میں اچھی گیندبازی کر رہے ہیں اور اس میچ میں انہوں نے جس طرح بلے بازی کی، اسے دیکھیں۔انہوں نے کہا، ‘سیریز سے سبق یہ ہے کہ گیندبازی میں انہیں کم از کم چار باقاعدہ گیندبازوں کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ پانچواں گیندباز اور چھٹا آل راؤنڈر ہوسکتا ہے، جو بلے بازی بھی کرسکے۔ نمن دھیر جیسا کوئی کھلاڑی، جو زیادہ بلے باز ہے لیکن ضرورت پڑنے پر آکر دو یا تین اوورز بھی کرسکتا ہے۔