نئی دہلی 16اکتوبر: سی ای سی گیانیش کمار کے خلاف راہل گاندھی کے احتجاج پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سخت حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی کو سخت پیغام دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سمجھنا چاہیے کہ جمہوریت انتشار پھیلانے یا ہندوستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کا لائسنس نہیں ہے۔ دہلی میں حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ کئی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔دہلی میں گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’کانگریس اور اس کے اتحادی نوجوانوں کی توانائی کو انتشار کی طرف موڑ رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی طرز پر اقتدار کی تبدیلی کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ جمہوری نظام کو کمزور کرنا اپوزیشن کا ایجنڈا رہا ہے۔ ایس آئی آر (SIR) اور گیانیش کمار کی مخالفت کے پیچھے ملک میں انتشار پھیلانے کی نیت ہے۔ انتشار کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا اپوزیشن کا اصل مقصد ہے۔‘‘
راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ’’کل سپریم کورٹ کے تبصرے پر بھی غور کرنا چاہیے۔ راہل گاندھی کو عوامی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہندوستان کے مستقبل کی ذمہ داری ہم سب پر ہے۔ تصادم کی بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ کانگریس کے دورِ حکومت میں تین بڑے ناقابلِ معافی جرائم ہوئے۔ اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنا، 1984 میں سکھ بھائیوں کا قتلِ عام اور 1990 میں رام بھکتوں پر گولی چلانے والوں کی حکومت کو بچانا۔‘
اعظم گڑھ میں دو الگ الگ انکاؤنٹر میں پانچ مجرم گرفتار
اعظم گڑھ، 16 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے اعظم گڑھ ضلع میں دو مقامات پر پولیس مقابلوں میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ ضلع میں زیورات کی دکانوں کو نشانہ بنانے والے چوروں کے ایک بین ریاستی گینگ کے خلاف صبح سویرے تروان اور نظام آباد پولیس اسٹیشن علاقوں میں دو الگ الگ پولیس مقابلوں میں تین ملزمین زخمی اور دو دیگر کو گرفتار کیا گیا۔