نئی دہلی 16اکتوبر: کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور سابق میڈیا انچارج پون کھیڑا نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ’اقتدار کی تبدیلی‘ سے متعلق بیان کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ہم حکومت کی تبدیلی کر کے رہیں گے۔ یہ بات ہم فخر سے کہتے ہیں۔ ہم تبدیلی لاکر رہیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا ارادہ ہمیشہ انتخابات کے ذریعہ حکومت تبدیل کرنے کا ہوتا ہے۔ دراصل مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج کا مقصد بنگلہ دیش کی طرح ہندوستان میں بھی اقتدار کی تبدیلی کرنا ہے۔ اس بیان پر کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا۔ جمعہ کو دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں پون کھیڑا نے کہا کہ ’’اب اچانک راج ناتھ سنگھ حکومت کو بچانے کے لیے آ گئے ہیں۔ انہیں جمہوریت کی عادت ہی ختم ہو گئی ہے۔ جب پوری اپوزیشن خود کہہ رہی ہے کہ اس حکومت کو ہٹانا ہے تو اس میں سازش کہاں سے آ گئی؟ جمہوریت میں انتخابات کے ذریعہ حکومت تبدیل کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔‘‘
پون کھیڑا نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ مہم چلا رہے ہیں۔ پورا ملک کھلے عام یہ بات کہہ رہا ہے۔ ہم خود بھی اپنی بات دہرا رہے ہیں کہ ہمیں اس حکومت کو شکست دینی ہے اور اس نظام کو بدلنا ہے۔ پھر راج ناتھ سنگھ آگے کیوں آئے؟‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم فخر سے کہہ رہے ہیں کہ ہم حکومت بدلیں گے۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رکھیں گے اور تبدیلی لاکر رہیں گے۔ اپوزیشن کا ارادہ ہمیشہ انتخابات کے ذریعہ حکومت تبدیل کرنے کا ہوتا ہے۔‘‘
ث فیروز آباد، 16 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش میں فیروز آباد ضلع کے شکوہ آباد علاقے میں چھچھمائی نہر سے جمعہ کو لاپتہ نوجوان کی لاش پولیس اور پی اے سی کے غوطہ خوروں کی کوششوں کے بعد برآمد ہوئی۔ نوجوان بدھ کی شام سے لاپتہ تھا۔









