بھوپال:16؍اکتوبر:نائب وزیر اعلیٰ راجیندر شکل نے کہا کہ صحت خدمات کو زیادہ مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے معاون طبی شعبے میں ماہر اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کی دستیابی اہم ہے۔ جدید طبی طریقوں اور تکنیکوں کے مطابق نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے مدھیہ پردیش میں الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کے نصاب تعلیمی سیشن 2026-27 سے شروع کرنے کی سمت میں ضروری کارروائی کی جائے۔ شکل نے ولبھ بھون میں عوامی صحت و طبی تعلیم کے محکمے اور اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں قومی الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کمیشن، حکومت ہند کی جانب سے جاری عبوری رہنما ہدایات کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے کمیشن کے منظور شدہ نصاب مدھیہ پردیش میں فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ الحاق اور داخلے کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کریں۔قابل ذکر ہے کہ قومی کمیشن کی جانب سے الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کے نصاب کے ذریعے معاون طبی شعبے میں ترقی، جدید تکنیک کے پھیلاؤ اور ملک بھر میں نصاب میں یکسانیت یقینی بنانے کے مقصد سے عبوری رہنما ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں ان نصابوں کا انعقاد مقررہ معیار اور رہنما ہدایات کے مطابق یقینی بنانے کے لیے عوامی صحت و طبی تعلیم کے محکمے اور اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے درمیان تال میل کے ساتھ ضروری کارروائی کی جائے گی۔ میٹنگ میں اعلیٰ تعلیم کے کمشنر پرَبل سنگھ، الائیڈ کونسل کے صدر ڈاکٹر وجے کمار، الائیڈ کونسل کے سکریٹری ڈاکٹر شیلوج جوشی سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر افسران موجود تھے۔