بھوپال:13؍اکتوبر:مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے سائبر جرائم، آن لائن دھوکہ دھڑی، جعلی بینک کھاتوں کے غلط استعمال، یو پی آئی فراڈ اور آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر کی جانے والی دھوکہ دھری کے خلاف مسلسل مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے۔اسی سلسلے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں سائبر جرائم سے متعلق معاملات میں ملزمان کی گرفتاری، بین الریاستی اور بین الاقوامی نیٹ ورک کا انکشاف، دھوکہ دھڑی کی رقم کو ہولڈ کرانے اور متاثرین کو ان کی رقم واپس دلانے کے معاملے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔تکنیکی شواہد، ڈیجیٹل فٹ پرنٹ، بینکنگ ٹرانجیکشن اور رقم کی منتقلی کے سلسلے کا تجزیہ کرتے ہوئے پولیس ٹیموں نے مختلف ریاستوں تک پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔کئی معاملات میں بینکنگ اداروں کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرکے دھوکہ دھڑی کی رقم کو ہولڈ یا فریج کرایا گیا، جس سے متاثرین کو ان کی رقم واپس دلانے کی کارروائی ممکن ہو سکی۔