فیض آباد 10؍ اکتوبر 🙁 نامہ نگار ) اتر پردیش کے ضلع امیٹھی کے رہنے والے اجیت کمار کو قطر میں ایک ایجنٹ کے جھوٹے وعدوں کے جال سے کامیابی سے بچا کر بھارت واپس لایا گیا ہے۔ سماجی کارکن سید عابد حسین، جسے حقیقی زندگی کے’ بجرنگی بھائی جان‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے بھارتیہ سفارت خانے اور وزارت خارجہ کے ’پرواسی بھارتیہ سہائیتاکیندر‘ا مداد ٹیم کے تعاون سے اس قابل تعریف کوشش میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اجیت کمار لکھنؤ کے گومتی نگر علاقے سے ایک ایجنٹ کے ذریعے نوکری کے لیے دوحہ (قطر) گیا تھا۔ جانے سے پہلے ایجنٹ نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ اسے قطر میں اسپانسر کے گھر پر روزانہ صرف آٹھ گھنٹے کام کرنا پڑے گا۔ اس کے بدلے میں اسے1600؍ قطری ریال تنخواہ اور 250 ؍قطری ریال کھانے کا الاؤنس دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔تاہم قطر پہنچ کر اسے دھوکہ دیا گیا۔ اجیت کمار کو دن میں 20 ؍گھنٹے کام کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا اور اسے کھانے کے لیے کوئی الاؤنس یا رقم نہیں دی جاتی تھی۔ اس کے ساتھ سخت سلوک بھی کیا گیا جس سے اسے بے پناہ ذہنی اور جسمانی تکلیف ہوئی۔
اجیت کی تشویشناک حالت کو دیکھ کر، اس کے بھائی روی نے 12؍ستمبر کو سید عابد حسین سے رابطہ کیا۔صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے سید عابد حسین نے فوری طور پر قطر میں ہندوستانی سفارت خانے اور وزارت خارجہ، اوورسیز انڈین سپورٹ سینٹرکی امداد ٹیم سے اجیت کمار کی مدد کے لیے رابطہ کیا۔ہندوستانی حکام اور مقامی ایجنسیوں نے تیزی سے کام کرتے ہوئے اجیت کمار کو اس کے آجر کے گھر سے بازیاب کرانے میں مدد کی اور اسے بھارتیہ سفارت خانے پہنچایا، جہاں اس کا مقدمہ باضابطہ طور پر درج کر لیا گیا۔ اس کے بعد بھارتیہ سفارت خانے اور قطر سی آئی ڈی کی مشترکہ کوششوں سے اس کی بھارت واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔بھارتیہ سفارت خانے کی مدد سے اجیت کمار کو 6 ؍اکتوبر کو بحفاظت بھارت واپس لایا گیا۔
بھارت واپس آنے کے بعد، اجیت کمار نے 7 ؍اکتوبر کو ایک ویڈیو جاری کی، جس میں اپنی آزمائش کو بیان کیا اور سید عابد حسین اور ہندوستانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔اس کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد، سماجی کارکن سید عابد حسین نے بھی ہندوستانی سفارت خانہ (دوحہ، قطر) اور پراواسی بھارتیہ سہائیتا مرکز اور حکومت ہند کی وزارت خارجہ کی مداد ٹیم کا اس بحران کے دوران فوری کارروائی اور مدد کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ یہ واقعہ بھارتیہ سفارت خانہ اور دیگر افراد کی بیرون ملک پھنسے بھارتیوںکی مدد کے لئے آگے آنے کی ایک روشن مثال ہے۔سید عابد حسین نے یہ بھی مشورہ دیا کہ لوگوں کو بیرون ملک سفر کرتے وقت احتیاط برتنی چاہیے اور حفاظت پر توجہ دینی چاہیے۔