بھوپال:08؍اکتوبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے سیج یونیورسٹی بھوپال میں 11ویں ریاستی سطح کی TNAI کانفرنس-2026 کا افتتاح کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ گربھ سنسکار اور نرسنگ میں جدید اور اختراعی ٹیکنالوجی جیسے دو اہم موضوعات اس کانفرنس کو خصوصی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچوں میں اچھے اقدار بچپن ہی سے پیدا کیے جائیں تو وہ بڑے ہوکر معاشرے کے لیے اہم اثاثہ بن سکتے ہیں۔ حمل کے مرحلے سے ہی ماں اور بچے کی صحت اور اقدارپر توجہ دینے سے محفوظ زچگی کو فروغ ملے گا اور زچگی اور بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ کانفرنس میں ماہرین کی جانب سے نرسنگ کے شعبے سے متعلق مختلف موضوعات پر دیے جانے والے خطابات اور خیالات کو صرف سننا ہی نہیں بلکہ ان پر غور کرکے انہیں اپنے طرزِ عمل اور برتاؤ میں اپنانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسیں اسپتال اور فیلڈ میں مریضوں کے ساتھ حساسیت اور لگن کے ساتھ کام کریں اور اپنی خدمات کے ذریعے ایک مثالی نرس کے طور پر اپنی شناخت قائم کریں، تاکہ طویل عرصے تک ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے۔
’’ری ڈیفائننگ کلینیکل پریکٹس: ایمپاورنگ نرسز تھرو انوویٹو ٹیکنالوجی‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں نرسنگ تعلیم، کلینیکل پریکٹس، جدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نرسنگ خدمات کو مضبوط بنانے سے متعلق مختلف موضوعات پر غور و خوض ہوگا۔ پہلے دن گربھ سنسکار، باوقار زچگی کی دیکھ بھال، زچگی کی تیاری میں نرسوں کے کردار سمیت اہم موضوعات پر سیشن منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ شخصیت اور رقص کے مقابلے اور ثقافتی پروگرام بھی ہوں گے۔ دوسرے دن سائنسی سیشنز میں نرسنگ کے شعبے کے عصری موضوعات پر ماہرین اپنی پیشکشیں دیں گے اور اختتامی سیشن میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جائیں گے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں محفوظ زچگی اور بہتر صحت خدمات کی سمت میں اہم ہیں۔ انہوں نے سیج گروپ کے بانی چیئرمین اور چانسلر مسٹر سنجیو اگروال کو جدید تعلیمی کیمپس تیار کرنے اور تعلیم کے ساتھ انسانی احساسات اور سماجی ذمہ داریوں کو جوڑنے کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر اگروال کی توانائی اور کاروباری صلاحیت کی وجہ سے طلبہ کو بہتر مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ’نرسنگ ڈیجیٹلیا‘ یادگاری کتابچہ اور ’گربھ سنسکار نرسزپرشکشن‘ بک لیٹ کا اجراء بھی کیا۔ پروگرام میں نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بینو کشواہ سنگھ، TNAI مدھیہ پردیش کی صدر پروفیسر (ڈاکٹر) سنیتا لارنس، ریاستی سکریٹری پروفیسر (ڈاکٹر) جیا وجے سمیت دیگر عہدیداران اور مہمان موجود رہے۔