ہانگ کانگ سکسز 2026 کے لیے ہندوستانی ٹیم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ اس میں 7 اہم ہندوستانی کرکٹرز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلے جانے والے تیز رفتار ’سکسز اے سائیڈ‘ (6 کھلاڑیوں والے) فارمیٹ میں حصہ لیں گے۔ ٹن کوانگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ پر کھیلی جانے والی اس لیگ میں ہندوستانی ٹیم کی کمان تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار سنبھالیں گے۔ ان کے ساتھ آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کرونال پانڈیا، ششانک سنگھ، راہل تیوتیا، نتیش رانا، راہل ترپاٹھی اور ٹی نٹراجن بھی ہوں گے۔ بھونیشور کمار کے پاس بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل کا کئی سال کا تجربہ ہے اور وہ نئی گیند سے مؤثر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ کرونال ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں تنوع لاتے ہیں۔ نتیش جارحانہ بلے بازی اور ٹاپ آرڈر میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، جبکہ ششانک اور تیوتیا میچ ختم کرنے کی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ترپاٹھی جارحانہ انداز کے ساتھ کھیلتے ہیں اور نٹراجن بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کے طور پر ایک خاص آپشن فراہم کرتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ہانگ کانگ سکسز میں ایک بار پھر واپسی کرے گی اور ٹورنامنٹ میں آگے تک جانے کی کوشش کرے گی۔ 2025 میں انہوں نے پاکستان کے خلاف ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار سے 2 رنز کی جیت کے ساتھ شروعات کی تھی، لیکن بعد کے میچوں میں شکست کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھی۔ پاکستان 2026 کے ٹورنامنٹ میں موجودہ چمپئن کے طور پر اترے گا۔ اس نے گزشتہ سال کے فائنل میں کویت کو شکست دے کر ریکارڈ 6ویں بار ہانگ کانگ سکسز کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ 2026 کے ٹورنامنٹ میں 8 اہم کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ ساتھ 4 ایسوسی ایٹ ممبران بھی حصہ لیں گے۔قابل ذکر ہے کہ ’ہانگ کانگ سکسز‘ میں ہر ٹیم میں 6 کھلاڑی ہوتے ہیں اور یہ ٹورنامنٹ مکمل کرکٹ میچ کے سنسنی کو ایک تیز رفتار فارمیٹ میں سمیٹ دیتا ہے، جس میں باؤنڈری، نئے طرح کے شاٹس، وکٹیں اور میچ کا رخ تیزی سے بدلتا رہتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم: بھونیشور کمار (کپتان)، کرونال پانڈیا، ششانک سنگھ، راہل تیوتیا، نتیش رانا، راہل ترپاٹھی، ٹی نٹراجن۔









