حیدرآباد2اکتوبر: ریلائنس انڈسٹریز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اننت امبانی نے جمعہ کو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو سے کہا کہ وہ انہیں ’’آندھرا کا بیٹا‘‘ سمجھیں۔ انہوں نے مدناپلے میں قائم کیے جانے والے مجوزہ انڈین اسکول آف ایگریکلچر (ISA) کے لیے ریلائنس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اننت امبانی انامیا ضلع میں ایک لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیے جانے والے گلوبل ہارٹیکلچر ہب اور انڈین اسکول آف ایگریکلچر کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور وزیر نارا لوکیش سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ آندھرا پردیش کے ساتھ شراکت داری کا موقع دینے پر وزیر اعلیٰ نائیڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اننت امبانی نے کہا کہ ریلائنس کو اس تاریخی زرعی منصوبے کا حصہ بننے پر فخر ہے اور کمپنی انڈین اسکول آف ایگریکلچر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ریلائنس پر اعتماد کیا اور ہمیں اس تاریخی اقدام کا حصہ بننے کا موقع دیا۔ ہمیں آندھرا پردیش کے ساتھ انڈین اسکول آف ایگریکلچر میں شراکت داری پر بہت فخر ہے اور ہم اس ادارے کو اپنی مکمل حمایت فراہم کریں گے۔ براہ کرم مجھے آندھرا کا بیٹا سمجھیں۔ میں آپ کی رہنمائی چاہتا ہوں کہ ہم آندھرا پردیش کی ترقی میں مزید کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں اور ریاست کے عوام کی خدمت کر سکتے ہیں۔ ہمیں ہر ممکن طریقے سے ریاست کی حمایت کرنے میں خوشی ہوگی۔‘