لکھنؤ28ستمبر: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر اور اترپردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے انتخابات کرانے پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ای وی ایم کا استعمال فوری طور پر بند کرکے بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹنگ کا عمل بحال کیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بی ایس پی کو نقصان پہنچانے کی سازش کے تحت ای وی ایم میں دھاندلی کر کے نگینہ لوک سبھا سیٹ سے آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ چندرشیکھر آزاد کو کامیاب کرایا تھا۔
لکھنؤ میں پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ملک میں آزاد اور منصفانہ انتخابات پر عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کرنے کے لیے ای وی ایم سے انتخابات فوری طور پر بند کیے جانے چاہئیں اور اس کی جگہ بیلٹ پیپر سے ووٹنگ شروع کی جانی چاہیے۔ انہوں نے انتخابی عمل پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اٹھائے جا رہے سوالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کے خصوصی گہرائی سے نظرثانی (ایس آئی آر) سمیت انتخابات سے متعلق مختلف معاملات پر پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو الیکشن کمیشن کو بروقت دور کرنا چاہیے، تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔