بھوپال:28؍ستمبر:ریاست کے باشندوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ اگر آپ کو گھر آنے والے دودھ یا دودھ کی مصنوعات میں ملاوٹ کا شبہ ہے تو اب جانچ کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مدھیہ پردیش میں کوآپریٹو شعبے کی پہلی جدید ترین ریاستی سطح کی ڈیری ٹیسٹنگ لیبارٹری تیار ہو گئی ہے۔ مدھیہ پردیش اسٹیٹ کوآپریٹو ڈیری فیڈریشن، بھوپال کے احاطے میں قائم اس لیبارٹری میں عام صارفین کے ساتھ ملک اور ریاست کی غذائی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے بھی دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی جانچ کرا سکیں گے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت میں ریاستی حکومت ملاوٹ شدہ غذائی اشیا پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ریاست میں کوآپریٹو شعبے کی پہلی جدید ترین ریاستی سطح کی ڈیری ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔
منصوبے کا بنیادی مقصد صارفین کی توقعات کے مطابق غذائی تحفظ کے معیارات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ ریاست میں اب تک دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی درست جانچ ایک بڑا چیلنج رہی ہے، جسے دور کرنے کے لیے یہ جدید ترین لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔
یہ لیبارٹری مرکزی حکومت کے محکمہ مویشی پالنے اور ڈیری کے ’نیشنل پروگرام فار ڈیری ڈیولپمنٹ‘ (این پی ڈی ڈی) اسکیم کے تحت مالی تعاون اور رہنمائی سے بنائی گئی ہے۔ اس کی تعمیر کے لیے حکومت ہند کی جانب سے 12 کروڑ 40 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ لیبارٹری کو نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز اور بھارتی غذائی تحفظ و معیارات اتھارٹی سے منظوری حاصل ہوگی۔لیباریٹری میں جدید ترین مشینیں نصب کی جا چکی ہیں اور جلد ہی جانچ کی سہولت بھی شروع ہو جائے گی۔ ریاستی سطح کی مرکزی لیباریٹری میں جدید ترین آلات کے ذریعے دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی 100 سے زائد معیارات پر جانچ کی جائے گی۔ اس میں کیڑے مار ادویات، اینٹی بایوٹکس، ہیوی میٹلز، افلاٹاکسن، چکنائی کی خالصیت، پروٹین، کاربوہائیڈریٹ کے ساتھ ساتھ یوریا، آئیوڈین، مالٹوز، شکر، نمک اور دیگر قسم کی ملاوٹوں کی جانچ شامل ہوگی۔









