بھوپال 26ستمبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی جانب سے ہفتہ کو بھوپال ترقیاتی منصوبہ-2047 (ماسٹر پلان) کا ڈرافٹ جاری کیے جانے پر بھوپال شہر کی مختلف تاجر تنظیموں اور کاروباری اداروں نے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچ کر اظہار تشکر کیا۔ ماسٹر پلان کا ڈرافٹ جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کا استقبال اور خیرمقدم بھی کیا گیا۔ اس موقع پر موجود تاجر تنظیموں اور کاروباری اداروں کے نمائندوں نے ایک آواز میں کہا کہ بھوپال شہر کے لیے ماسٹر پلان موجودہ وقت کی ایک بڑی ضرورت تھی، جسے حکومت نے پورا کر دیا ہے۔ تاجروں نے وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو سے مطالبہ کیا کہ اگر اگلے سال ہونے والی گلوبل انویسٹرس سمٹ سے پہلے حتمی ماسٹر پلان جاری ہو جائے تو بہت بہتر ہوگا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کا ضلع صدر مسٹر رویندر یتی کی قیادت میں مدھیہ پردیش کی رئیل اسٹیٹ سے وابستہ کریڈائی ادارے کی بھوپال اکائی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی بھوپال اکائی، کولار تاجر مہاسنگھ، کولار کے صرافہ تاجر سنگھ، نیو مارکیٹ تاجر سنگھ، سنت ہردارام نگر (بیرگڑھ) تاجر سنگھ سمیت مختلف کاروبار سے وابستہ اہم تنظیموں کے تقریباً 100 سے زائد نمائندوں نے استقبال اور خیرمقدم کیا۔ تاجروں نے وزیراعلیٰ کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھوپال شہر کی ترقی میں معاون اور شریک بننے کا جو موقع حکومت نے انہیں دیا ہے، اس پر وہ سب پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ’ایکس‘ پر کہا کہ بھوپال ترقیاتی منصوبہ 2047 کا مقصد بھوپال کو ایک سرسبز، خوشحال اور سب کو شامل کرنے والے شہر کے طور پر ترقی دینا ہے۔ اس کے ڈرافٹ کو ہماری حکومت، شہر کے تمام عوامی نمائندوں، تاجروں، شہریوں اور افسران کے ساتھ مل بیٹھ کر باہمی تعاون اور تال میل کے ذریعے زمینی سطح پر نافذ کرکے حقیقت کا روپ دے گی۔