نئی دہلی 26ستمبر:اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے خطاب پر ہندوستان نے سخت پلٹ وار کیا ہے۔ ہندوستان کی فرسٹ سکریٹری پیٹل گہلوت نے ’رائٹ ٹو ریپلائی‘ کے تحت پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے اور دوہرے رویے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار جھوٹ دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا۔ پیٹل گہلوت نے پاکستان کے دہشت گردی کے ریکارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 9/11 حملوں کا ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن پاکستان کے ایبٹ آباد میں پایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی حمایت بند کرنی چاہیے اور اپنی سرزمین سے چلنے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
جموں و کشمیر کا معاملہ اٹھانے پر گہلوت نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔ انہوں نے پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے حقوق اور وہاں کی صورتحال پر توجہ دینے کی بات کہی۔ ہندوستانی سفارت کار نے کہا کہ پاکستان کی سرحد پار دہشت گردی کی پالیسی جاری رہنے کی صورت میں ہندوستان اپنی سلامتی اور دفاع کے حق کا استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، فریب اور دوہرا رویہ پاکستان اور دنیا، دونوں کے مفاد میں نہیں ہے۔









