بھوپال، 26 ستمبر:(پریس ریلیز) تھانہ گووند پورہ کے علاقے وشوکرما نگر، بنگالی کالونی میں کئی سالوں سے تنہا زندگی گزار رہی 70 سالہ بزرگ خاتون کو ایک این جی او نے ریسکیو کر کے آسرا وردھاشرم میں داخل کروایا ہے۔ بزرگہ کی شناخت ملتی بائی، زوجہ دیویندر تیواری، کے طور پر ہوئی۔ انہیں آسرا میں لانے کے بعد علاج کے لیے مانسروور ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
این جی او کی صدر سنینا چندیل نے بتایا کہ اس معاملے کی اطلاع انہیں تھانہ گووند پورہ سے ملی۔ ان کے مطابق ملتی بائی کا ایک چھوٹا سا مکان ہے، جس میں وہ تنہا مقیم تھیں۔ ان کا ایک بیٹا ہے، جو ذہنی طور پر مریض بتایا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایک دوسری این جی او اسے علاج کے لیے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بیٹا اپنی والدہ کے ساتھ مار پیٹ بھی کرتا تھا۔
سنینا چندیل نے بتایا، ”24 ستمبر 2025 کو دوپہر تقریباً تین بجے میں امان کو ریسکیو کرنے ان کے گھر پہنچی۔ گھر کی حالت نہایت افسوسناک تھی۔ گھر آدھا جلا ہوا تھا۔ امان کئی دنوں سے بھوکی پیاسی پڑی تھیں۔ وہ جسم پر کئی کپڑے لپیٹے ہوئے تھیں اور پانی مانگ رہی تھیں۔“
انہوں نے بتایا کہ موقع پر پہنچ کر سب سے پہلے بزرگہ کو پانی پلایا گیا اور ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ اس کے بعد انہیں وہاں سے نکال کر آسرا وردھاشرم لایا گیا۔ آسرا انتظامیہ نے ان کی دیکھ بھال شروع کر دی ہے۔
تھانہ گووند پورہ پولیس کا اس معاملے میں قابلِ تعریف کردار رہا۔ اطلاع دینے اور این جی او سے رابطہ کرانے میں پولیس کی کوششوں سے بزرگہ کو وقت پر مدد مل سکی۔