آئیچی-ناگویا (جاپان)، 26 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم نے ہفتہ کو ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلچسپ مقابلے میں ایران کو شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔آج یہاں توکائی سٹیزنس جمنازیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستان کی خاتون کبڈی ٹیم نے ایران کو 37-34 سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں میں اپنا چوتھا سونے کا تمغہ جیتا۔ اب تک ہوئے 5 ایشیائی کھیلوں میں ایران نے جکارتہ 2018 میں فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر یہ خطاب جیتا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران نے فائنل میچ کا آغاز اپنی اسٹار ریڈر اور کپتان زہرہ کریمی کو بینچ پر بٹھا کر کیا۔ دفاعی چیمپئن نے شاندار آغاز کیا۔ ریڈر پوجا، سنجو دیوی اور نکیتا ہتھوالا نے ابتدائی پوائنٹس حاصل کیے اور ٹیم کو 5-2 کی برتری دلا دی۔ تاہم، ایران نے سپر ٹیکل کے ذریعے اسکور برابر کیا اور 7-5 کی برتری حاصل کرلی۔ لیکن ہندوستان نے فوری واپسی کرتے ہوئے میچ کا پہلا ‘آل آؤٹ کیا اور ایران پر 13-10 کی برتری بنالی۔
اس کے فوراً بعد نکیتا ہتھوالا نے 2 پوائنٹس کی ریڈ کی اور اسکور 15-10 کر دیا۔میٹ پر واپس آئیں کریمی نے آتینا مادیدی کی مدد سے میچ کا رخ پلٹنے کی کوشش کی۔ تاہم، ہندوستانی ڈیفنس نے ایران کی اسٹار ریڈر سانیا نعیمی کو کوئی موقع نہیں دیا اور ان پر مکمل طور پر قابو برقرار رکھا۔ سنجو دیوی نے ایک اور ملٹی پوائنٹ ریڈ کی، جس میں بونس اور 2 ٹچ پوائنٹس شامل تھے، جبکہ ڈیفنس نے مسلسل کامیاب ٹیکل کیے۔ اس کے نتیجے میں ہاف ٹائم سے 2 منٹ پہلے ہی ہندوستان کی برتری دوہرے ہندسے تک پہنچ گئی۔ہاف ٹائم کی سیٹی بجنے سے پہلے کے آخری 2 منٹ ایران کے نام رہے۔ ایک سپر ٹیکل، اس کے بعد بونس اور مادیدی کے شاندار اینکل ہولڈ کی بدولت جکارتہ 2018 کی چیمپئن ٹیم نے وقفے تک فرق کم کرکے 22-16 کر دیا۔دوسرے ہاف میں ایران پوری طرح جوش میں نظر آیا۔ ڈیفنس کے مضبوط کھیل اور سانیا نعیمی کے اچانک ردھم میں آنے سے اس نے اسکور کا فرق کم کرکے 23-20 کر دیا۔
دباؤ کے درمیان، جب میٹ پر ہندوستان کی صرف 2 کھلاڑی باقی رہ گئی تھیں، ریتو نیگی نے سانیا کو ‘تھائی ہولڈکرکے شاندار سپر ٹیکل کیا۔
پوجا نے بھی اہم پوائنٹس حاصل کیے تاکہ ہندوستان ‘آل آؤٹ نہ ہو۔ لیکن آخرکار مادادی نے ایک ہی ریڈ میں 2 ٹچ پوائنٹس حاصل کرکے ہندوستان کو ‘آل آؤٹ کر دیا اور کھیل ختم ہونے میں 8 منٹ باقی رہتے ہوئے اسکور کا فرق صرف 1 پوائنٹ (27-26) رہ گیا۔
میچ کا رخ بدلنے کے لیے ہندوستان نے ریڈرز پر بھروسہ کیا اور انہوں نے توقع کے مطابق مظاہرہ کیا۔ پوجا نے پورے میچ کی طرح ٹچ پوائنٹس حاصل کرنا جاری رکھا اور سنجو دیوی نے بھی کچھ بڑی ریڈز کے ذریعے تعاون کیا۔ کھیل ختم ہونے میں 4 منٹ سے کچھ زیادہ وقت باقی تھا اور ہندوستان نے 34-28 کی برتری بنا لی تھی۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، ایران کے کھیل میں غلطیاں ہوتی گئیں، جبکہ ہندوستان نے ریڈز کے دوران وقت گزارنے کی کوشش کی۔ آخرکار ہندوستان نے 37-34 سے جیت حاصل کی اور اپنا خطاب برقرار رکھا۔









